مری، نتھیا گلی میں برف باری سے بند سڑکیں کھول دی گئیں

بدھ 14 فروری 2018 12:37

مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2018ء) مری میں برف باری کے باعث بند سڑکیں کھول دی گئیں۔ ایبٹ آباد سے نتھیا گلی جانے والی سڑک بھی 2 دن بند رہنے کے بعد آمدورفت کے لیے کھول دی گئی۔ذرائع کے مطابق ملک کے اکثر پہاڑی علاقوں میں مسلسل برف باری کے باعث بجلی اور ٹیلی فون کا نظام ابھی تک متاثر ہے جبکہ آج بھی مالاکنڈ ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایبٹ آباد سے نتھیا گلی جانے والی سڑک ڈونگا گلی تک کھول دی گئی ہے، جبکہ مری میں بھی برف باری کے باعث بند سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تین روز سے وقفے وقفے کے ساتھ برف باری جاری ہے، برفباری کے باعث پھگواڑی لوئرٹوپہ ٹریفک سیکشن بند ہیںجس کے باعث آزاد کشمیر سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کواپر دیول شاہراہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کے ڈپٹی کمشنر اورنگزیب حیدر کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد اور گردو نواح میں سیاحوں کی آمد و رفت کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے، مقامی انتظامیہ نے سڑکوں سے برف ہٹانے والی گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ بھی کردیا ہے۔مقامی انتظامیہ کے مطابق ناران میں اب تک 4 فٹ اور شوگران میں 3 فٹ تک برف پڑچکی ہے۔ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں تین روز وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :