کراچی ،ڈی ایس پی رفعت کی گاڑی پر فائرنگ کامقدمہ درج

بدھ 14 فروری 2018 12:37

کراچی ،ڈی ایس پی رفعت کی گاڑی پر فائرنگ کامقدمہ درج
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2018ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس ویو میں ڈی ایس پی رفعت چودھری کی گاڑی پر فائرنگ کامقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے میں اقدام قتل،نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیںجبکہ زخمی اہلکار آصف نے پولیس کو بیان رکارڈ کرادیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ واقعے میں زخمی اہلکار آصف کی مدعیت میںتھانہ بلوچ کالونی میں درج کیا گیا ہے، جس میں اقدام قتل،نقصان پہنچانے اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

زخمی اہلکار آصف نے پولیس کو ریکارڈ کراتے ہوئے بتایاکہ واقعے کے وقت ڈی ایس پی رفعت چودھری کو گھر چھوڑنے جارہے تھے، جب ڈیفنس کے عقب میں پہنچے تو 2ملزمان کو مشکوک حالت میں دیکھا،اس دوران ملزمان نے ہماری گاڑی پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

اہلکار آصف کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران میری سرکاری پستول بیلٹ سے نیچے گرگئی،پستول اٹھانے کے لئے جھکا تو ملزمان کی فائرنگ سے گولی لگ گئی جبکہ گاڑی میں موجود دوسرے گن مین علی شاہ کی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچ کالونی تھانے کی حدود ڈیفنس ویو کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی تھی ،جس کے نتیجے میں موبائل میں سوار اہلکارآصف علی زخمی ہوگیا تھا ۔پولیس نے بتایا کہ موبائل میں ڈی ایس پی ایسٹ زون ہیڈ کوارٹر عفت چوہدری بھی موجود تھے تاہم حملے میں وہ محفوظ رہے۔زخمی اہلکار بھی ایسٹ ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے، پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :