حریت رہنماء یوسف ندیم کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں ، سیدعلی گیلانی

کشمیرمیں بدنام زمانہ اخوانی دور کو دہرانے کی سازش کی جارہی ہے

بدھ 14 فروری 2018 11:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے رُکن اور تحریک وحدت اسلامی کے سیکریٹری جنرل محمد یوسف ندیم کے نامعلوم مسلح افرادکے ہاتھوں قتل کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی کارروائی قراردیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں حریت کانفرنس کی ایک ہنگامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموںو کشمیر میں بدنامِ زمانہ اخوانی دور کو دہرانے کی سازش کی جارہی ہے جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔

انہوںنے محمد یوسف ندیم کو ایک سنجیدہ فکر ،ذہین اور انقلابی دانشور قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہیں مظلومانہ حالت میں بڑی سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا گیا جس سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وہ غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر شہید محمد یوسف ندیم کے آبائی گھر سیندھی پورہ بڈگام میں حریت کانفرنس کے زیراہتمام ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ارکان اوردیگر نمائندوںحاجی غلام نبھی سمجھی،نثار حسین راتھر،گلشن عباس،ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی، محمد شفیع لون، سید محمد شفیع، غلام محمد ناگو، محمد یٰسین عطائی، غلام احمد گلزار، محمد یوسف مجاہد، سید امتیاز حیدر، پیر عبدالرشید، بشیر احمد بٹ اور محمد مقبول نے شرکت کی اور شہید محمد یوسف ندیم کی تحریک آزادی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

مقررین نے کہاکہ محمد یوسف ندیم کی شہادت سے تحریکی حلقوں میں ایک خلا پیدا ہوگیاہے۔ انہوںنے تحریک آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے کہاکہ قتل اور گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔

حریت کانفرنس کے پروگرام کے مطابق محمد یوسف ندیم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کل بروز جمعرات کو شہید کے گھر واقع سیندھی پورہ بڈگام میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا جائیگا جس میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شرکت کری گی ۔ ادھرانجمن شرعی شیعیان اور حریت رہنماء امتیاز احمد ریشی نے بھی یوسف ندیم کے قتل کی شدید مذمت کی ہے انجمن شرعی شیعیان اور امتیاز ریشی کی ہدایت پر وفود نے شہید کے گھر جا کر سوگوارخاندان سے اظہار تعزیت کیااور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔

دریں اثناء سید علی گیلانی نے حریت رہنمائوں مولوی بشیر احمد عرفانی، سید امتیاز احمد شاہ ، عبدالرشید لون اور زاہد احمد کی گرفتاری کے دوران اُنہیں بدترین ظلم وتشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی پولیس نے حریت رہنمائوں کو گرفتار کر کے سب جیل کپواڑہ میں نظربند کررکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :