محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 13 فروری 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات بھی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اپنے محبوب قائد محمد نواز شریف سے لازوال محبت آج بھی قائم ہے اور لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جیت اس کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف مستقبل میں بھی ملکی سیاست کا مرکزی نقطہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ آئینی و قانونی طریقے اپنائے اور قومی اداروں کی مضبوطی کے لیے کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

محمد نواز شریف اور ان کے خاندان نے قانون کی حکمرانی ہی کے لیے خود کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اگلے عام انتخابات جیتنے کے بعد عدالتی نظام میں اصلاحات لائے گی اور ملک کو عوامی خواہشات کے مطابق چلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے جس میں قانون سازی اور موجودہ قوانین میں ترمیم کرنے کی طاقت موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عاصمہ جہانگیر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ کمزور اور لاچار افراد کی آواز تھیں، انہوں نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کے لیے کام کیا۔