واسا نے صارفین کی اپیل پر بل جمع کرانے کی تاریخ میں 25 فروری تک توسیع کر دی

منگل 13 فروری 2018 23:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی (واسا) ایبٹ آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نور قاسم خان نے کہا ہے کہ صارفین کی اپیل پر واسا نے بل جمع کرانے کی تاریخ میں 25 فروری تک توسیع کر دی، صارفین بروقت بل ادا کر کے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ وہ منگل کو پانی کے بل جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرانے کی غرض سے ملنے والے مختلف علاقوں کے عمائدین سے بات چیت کر رہے تھے۔

سی ای او واسا نے عوامی سہولت کیلئے فوری طور پر 25 فروری تک پانی کے بلوں میں توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

نور قاسم خان نے کہا کہ لوگوں کو صفائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی واسا ایبٹ آباد کی اولین ترجیح ہے، واٹر سپلائی ڈیپارٹمنٹ صاف پانی کی فراہمی کیلئے دن رات کام کر رہا ہے اور روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 45 لاکھ گیلن پانی فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے بل بروقت جمع کروائیں تاکہ آپ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سی ای او واسا نے واٹر سپلائی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 25 فروری تک بل نہ ادا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے پانی کے کنکشن کو منقطع کیا جائے۔