سائبر سیکورٹی کے بارے میں آگاہی پیداکرنا انتہائی ضروری ہے،یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے،قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ کا سیمینار سے خطاب

منگل 13 فروری 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سائبر سپیس پرنظررکھنا ضروری ہے بصورت دیگر مواصلات ، مالی اور روایتی نظام کوہدف بنایاجاسکتا ہے‘ سائبر سپیس کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹیلائزیشن دفاع اور سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔وہ منگل کو یہاں سائبر حملوں سے محفوظ پاکستان پالیسی لائحہ عمل کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ شعبہ خطرے کی زد میں ہے اور صارفین کی منڈی سے باہر نکل کر نئے طریقوں کی آزمائش وقت کی ضرورت ہے۔ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ساتھ ہمارے بڑھتے ہوئے تعلق کی وجہ سے سائبر سیکورٹی کی پالیسی ناگزیر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کیلئے سائبر سپیس پرنظررکھنا ضروری ہے بصورت دیگر مواصلات ، مالی اور روایتی نظام کوہدف بنایاجاسکتا ہے کیونکہ پاکستان جوہری صلاحیت کاحامل ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ سائبر سیکورٹی کے بارے میں آگاہی پیداکرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔