گھر بیٹھے غلط ریڈنگ کرنیو الے ریڈرکو 7سال قید کی سزاہوگی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ

منگل 13 فروری 2018 23:11

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) 14نومبر2017ء کو یونین کونسل توغ میںڈپٹی کمشنرکوہاٹ خالد الیاس کی منعقدہ کھلی کچہری پر عملدرآمدکا جائزہ لینے کے لئے ا یڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ عباس خان آفریدی نے منگل کے روز توغ بالا میں بحالی اعتماد کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں مقامی ناظم رحیم خان، ڈسٹرکٹ کونسلر شوکت خان اور سابقہ کھلی کچہری کے سائلین نے شرکت کی۔

اس موقع پر بتایاگیا کہ توغ کھلی کچہری کے تقریباً 80 فیصد مسائل حل ہوچکے ہیں اور باقی اب تک حل طلب ہیں۔یہاں کی4بند ٹیوب ویلوں میں سے 3فنکشنل ہوچکے ہیں جبکہ چوتھے پر کام جاری ہے۔اسی طرح پینے کے پانی کے زنگ آلودہ پائپوں کی تبدیلی اور پل کی تعمیرکے لئے سروے مکمل ہوچکاہے اور اسے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبرستان کے لئے شاملات سے اراضی مختص کرنے کا عمل بھی جاری ہے اور بہت جلد اسے مشران کے باہمی مشاورت سے مکمل کردیاجائے گا۔

لوڈشیڈنگ میں نمایاں بہتری جبکہ اوور بلنگ پر بھی کافی حد تک قابوپالیا گیاہے اس کے ساتھ ساتھ حسب وعدہ سلائی مرکز کی منظوری کے علاوہ بنیادی مرکز صحت میں ادویات کی دستیابی بھی یقینی بنادی گئی ہے اور اب وہاں سے مریضوں کو بلا امتیاز ادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس موقع پر عباس آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی خصوصی ہدایت پر توغ سے منشیات کے خاتمے، سڑک کے دونوں اطراف میں نالیوں کی صفائی ، سکول میں نامکمل کام پر آغاز، واپڈا تاروں کی تبدیلی اورکھٹہ جھنگ سے تجاوزات ہٹانے کے لئے عنقریب سٹنگ آپریشن کا آغاز کیا جارہاہے اور ایک انچ سرکاری اراضی پر بھی تجاوزات نہیں چھوڑیں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ تمام مسائل حل طلب ہوتے ہیں کسی مسئلے کے لئے کم اور کسی کے لئے زیادہ وقت درکار ہوتاہے تاہم ضلعی انتظامیہ کھلی کچہری میں پیش کردہ تمام مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر عوام مطمئن نہیں ہوتے تو پھر ساری سرکاری مشنری بے کار ہے کیونکہ حکومت کا پورا سیٹ اپ ہی عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہے۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وہ دن گزگئے جب میٹر ریڈر گھر بیٹھے اپنی مرضی کا ریڈنگ کرتے تھے۔اب جومیٹر ریڈر گھر بیٹھے غلط ریڈنگ کرے گا اسے 7سال قید کی سزاہوگی تاہم اس کے لئے عوام کو انتظامیہ کے ساتھ تحریری شکایت درج کرنا ہوگی۔