ہیلتھ پروفیشنل الائونس محکمہ صحت کے درجہ چہارم ملازمین کا حق ہے ، سمیع اللہ

منگل 13 فروری 2018 23:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)ہیلتھ ایمپلائز سپریم کونسل خیبرپختونخوا کا اجلاس صدرسمیع اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ہیلتھ ایمپلائز سپریم کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سمیع اللہ، چیئرمین نیاز محمد خلیل، سیکرٹری اطلاعات آصف خان، نائب صدر ماجد علی و دیگر نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنل الائونس محکمہ صحت کے درجہ چہارم ملازمین کا حق ہے جس سے انہیں محروم کیاجارہا ہے، باربار وعدوں کے باوجود صوبائی حکومت اسے عملی جامہ نہیں پہنا رہی جس سے محکمہ صحت درجہ چہارم ملازمین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے، ہم صوبائی حکومت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کے حق میں نہیں لیکن صوبائی حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ محکمہ صحت درجہ چہارم ملازمین کیلئے ہیلتھ پروفیشنل الائونس کا اعلان کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لئے کئی مراعات کا اعلان کیا، جس پر سرکاری ملازمین اس کے شکرگزار ہیں لیکن محکمہ صحت درجہ چہارم ملازمین اپنے جائز مطالبے ہیلتھ پروفیشنل الائونس سے تاحال محروم ہیں، ہم صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمہ صحت درجہ چہارم ملازمین کے لئے فی الفور ہیلتھ پروفیشنل الائونس کا اعلان کرے تاکہ ان میں پھیلی ہوئی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔