شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور ٹیچرز ایسوسی ایشن کے عہدیدران کا اظہار تشکر

منگل 13 فروری 2018 23:10

سکھر۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری و دیگر عہدیداران نے اساتذہ کے حقیقی مسائل حل کرنے پر اورایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی میں سیلیکشن بورڈ کے بروقت انعقاد پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ ، افہام و تفہیم کمیٹی، سیلیکشن بورڈ کے ممبران و دیگر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے اساتذہ برادری سے مذاکرات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی نیچرل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین سہتو ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور خان محمد خان پر مشتمل ایک افہام و تفہیم کمیٹی تشکیل دی ۔ انہوں نے کہا کہ وائیس چانسلر نے اساتذہ برادری کے دیگر حقیقی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ہم اس سلسلے میں ڈاکٹر پروین شاہ کے مشکور ہیں۔