کاروباری سرگرمیوں میں ایوان صنعت و تجارت رہنما کردار ادا کرر ہا ہے ، انجینئر عبدالفتاح شیخ

منگل 13 فروری 2018 23:09

سکھر۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے صدر انجینئر عبدالفتاح شیخ نے کہا ہے کہ تین صوبوں کے سنگم پر واقع سکھر بڑی تجارتی منڈی ہے۔صنعتوں کے قیام سے سکھر اور گرد ونواح کے محنت کشوں کو گھر سے نزدیک روزگار کے مواقع حاصل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی حکومت کے کراچی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کی تکمیل پر آئے ہوئے افسران سے ایوان میں ملاقات کے دوران کیا۔

مرکزی حکومت کے 24 افسران اپنے دوران کیریئر مینجمنٹ کورس کے بعد پاکستان اسٹڈی ٹوئر کیلئے ملک بھر کا دورہ کرتے ہیں۔ صدرِ ایوان انجینئر عبدالفتاح شیخ نے گروپ کو سکھر کی جغرافیائی اور کاروباری اہمیت اور سکھر میں مختلف سیکٹرز کی اقتصادی سرگرمیوں اور زرعی پیداوار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سکھر سے کی جانے والی برآمدات سے مہمانوں کو آگاہ کیا گیا ۔

سکھر کی جغرافیائی اور تجارتی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے صدرِ ایوان نے کہا کہ بالائی سندھ کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور زیریں پنجاب کے کاروباری اداروں کیلئے سکھر ایک بڑی اہم تجارتی منڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ آئندہ پراجیکٹس پر بات کرتے ہوئے مہمانوں کو آگاہ کیا گیا کہ سکھر میں ڈرائی پورٹ اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اداروں سے ایوان مسلسل رابطے میں ہے۔

جبکہ دریا ئے سندھ پر مجوزہ نئے پُل کی تعمیر سے آمد و رفت کی نئی سہولتیں میسرآئیں گی۔بعد ازاں مہمانوں کے اعزاز میں ہائی ٹی کا اہتمام کیاگیا ۔ صدرِ ایوان نے گروپ لیڈر ثمینہ انتظار کو یادگاری شیلڈ جبکہ گروپ لیڈر نے صدرِ ایوان کو NIM کی یادگاری شیلڈ پیش کی ۔اس موقع پر سابق صدور محمد دین، عامر علی خان غوری، شکیل احمد مختار، سابق سینئر نائب صدر عرفان صمد،اراکینِ مجلسِ انتظامیہ علی بخش خان مہر،محمد کامل فاروقی، سینئر رُکن سجاد اللہ قریشی اور سیکرٹری ایوان اسرار حسین بھٹی موجود تھے۔