ضلع بھر میں گندم سٹاک بہترین حالت میں موجودہے،اشفاق گجر

منگل 13 فروری 2018 23:08

راجن پور ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمدگجر نے بتایا ہے کہ ضلع راجن پور میں اس وقت تین سالوں کی گندم 508 یونٹس میں سٹاک ہے جس کے اوپر شاپر (پولی سین) اور پولی کیپ واٹر پروف چڑھی ہوئی ہے جس سے تمام یونٹس پر سٹاک گندم بہتر حالت میں موجود ہے اور کسی بھی سنٹر پر گندم کی خرابی کا کوئی بھی مسئلہ نہ ہے جبکہ چند عناصر وں کی جانب سے ضلع راجن پور میں گندم کی خرابی اور عوام میں سستے ریٹ پر بیچے جانے کی خبریں محض پروپیگنڈا ہیں جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میاں پرویز خان نے بتایا کہ ضلع راجن پور میں واقع گندم کے 508 یونٹس میں سٹاک گندم انتہائی بہتر حالت میں موجودہے جبکہ ہمارے سٹاکس میں سال 2015کی واقع گندم 56ٹن ، سال 2016 کی 81817ٹن اور سال2017 کی 1لاکھ ٹن گندم ذخیرے میں موجودہے جو بحفاظت رکھی گئی ہے ۔ حکومت کی سخت ہدایات کے پیش نظر بنیادی خوراک آٹا کے چیک اینڈ بیلنس پر توجہ دی جارہی ہے ۔ روزانہ کی بنیاد پر تحصیل راجن پور ، تحصیل جام پور اور تحصیل روجھان مزاری میں واقع سنٹرز کو چیک کرکے افسران کوآگاہ کیاجاتا ہے جبکہ سنٹرز پر سٹاف بھی چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہوتا ہے۔