بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کے قومی فریضہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

منگل 13 فروری 2018 23:06

فیصل آباد ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)ضلع میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کے قومی فریضہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس ضمن میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے انسداد پولیو کی جاری مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرمیاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرزاحمر سہیل کیفی،شہریار عارف،عفیفہ ناجیہ،سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس،سی ای او ایجوکیشن رانا محمدشبیر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،ڈاکٹربلال احمد اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے سو فیصد نتائج حاصل ہونے چاہیں ۔

اس سلسلے میں پولیو ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو تلاش کرکے انہیں حفاظتی قطرے پلائیں۔انہوںنے کہا کہ مہم پر عملدرآمد کے سلسلے میں اگر کسی جگہ کوئی مسئلہ یارکاوٹ درپیش ہو تو فوری اقدامات کریں تاکہ مہم کی کامیابی میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر ٹیمیں ہمہ وقت موجود رہنی چاہیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اورمحکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وہ مہم کی مانیٹرنگ جاری رکھیں اور رپورٹ سے انہیں بھی باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ مہم کے پہلے روز پانچ سال تک کی عمر کے 4لاکھ 65ہزار 765بچوں کو قطرے پلائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔