ڈپٹی کمشنر اور چیف ایگزیکٹو فیسکو کی زیرصدارت مشترکہ اجلاس کا انعقاد

منگل 13 فروری 2018 23:06

فیصل آباد ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)ضلع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل بجلی کے کھمبوں کی منتقلی اور عوامی فلاح وبہبود کیلئے نو تعمیر شدہ سرکاری عمارتوںمیں بجلی کے کنکشنز کی فراہمی کے امورکو تیزی سے نمٹانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے تاکہ مربوط اقدامات کے ذریعے ایسی رکاوٹوں کو دور کرکے ترقیاتی منصوبوں کو جلد فنکشنل اورتکمیل کویقینی بنایا جاسکے۔

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام بااللہ کی زیرصدارت ایک مشترکہ اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہواجس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹرنوید،ایکسئین کنٹرکشین فیسکو محمدراشد،چیف ایگزیکٹو آفیسرہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس،ایس ڈی اوز فیسکو عبادعلی،محمد اشفاق،چیف انجینئر ایف ڈی اے اصغر علی،محکمہ عمارات وشاہرات کے ایکسئین عمیر لطیف،رانا اظہر،مرید حسین،طاہر انجم،ایس ڈی او ساراقمر،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل واساابوبکر اعجاز،اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسامحمدامین،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد ڈاکٹر اسفند یار ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع اور شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں،تعلیم،صحت،سپورٹس ودیگر شعبوں کی عمارتوں کے میگاپراجیکٹس سمیت بعض دیگر ترقیاتی سکیمیں بجلی کے کنکشنز کی فراہمی سے فنکشنل اورمکمل ہوسکتی ہیں جس کے لئے فیسکو حکام کی بھرپور معاونت ناگزیر ہے لہذا منصوبوں پر عملدرآمد کرنے والے محکموں اورفیسکو کے متعلقہ افسران کے مابین قریبی رابطہ بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کے پولز کی منتقلی اورکنکشنز کے حصول کیلئے بعض منصوبوں سے متعلقہ فیسکو کے ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی ہوچکی ہے اوربعض سکیموں سے متعلقہ ڈیمانڈ نوٹسز کاانتظار کیا جارہا ہے جن پر محکمانہ کارروائی تیز کرنے کی ضرورت ہے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام بااللہ نے فیسکو کے متعلقہ افسران سے محکمانہ کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموںکی تکمیل میں فیسکو کی جاب سے تکنیکی وفنی سہولیات کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے فیسکو کے باعث التواء کا شکار منصوبوں کاجائزہ لیتے ہوئے محکمانہ کارروائی تیز کرنے کا یقین دلایا اورکہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران فیسکو کے فوکل پرسن سے مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ ضروری کارروائی کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔