ڈویژنل کمشنر کی مختلف ترقیاتی پروگرامز کے تحت عوامی فلاح وبہبود کی جاری سکیموں کوجلدمکمل کر نے کی ہدایت

منگل 13 فروری 2018 23:06

فیصل آباد ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ مختلف ترقیاتی پروگرامز کے تحت عوامی فلاح وبہبود کی جاری سکیموں کوتیزرفتاری سے مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کارکردگی پر باقاعدگی سے گہری نظر رکھیں ۔اس ضمن میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوںنے یہ ہدایت ضلع چنیوٹ کے اچانک دورہ کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام،وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام سمیت دیگر سیکٹرز کے تحت زیر تکمیل جاری منصوبوں کی تعمیراتی پراگریس کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر چنیوٹ ایوب خاں بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق اورترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کرنے والے محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے بعض ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہریوں کو تعلیم،صحت،مواصلات اور دیگر شعبوں میں ترقی کے ثمرات تیز رفتاری سے پہنچانے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اے ڈی پی اور وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت مکمل کئے جانے والے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ سکیمیں بروقت مکمل کرانے کیلئے موثراقدامات کئے جائیں۔