خیبرپختونخوااسمبلی میں سعودی جیلوں میں قیدپاکستانیوں سے متعلق قراردادمتفقہ طور پر منظور

لاکھوں پاکستانی سعودی عرب میں کفیل کے ظلم کاشکار ہیں،وزارت داخلہ سعودی حکام کے ساتھ مسئلہ اٹھائے

منگل 13 فروری 2018 22:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) خیبرپختونخوااسمبلی نے متفقہ قراردادکے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سعودی جیلوں میں ہزاروں پاکستانی قید ہیں، سعودی کفیل پاکستانیوں کے ساتھ نارواسلوک روارکھ رہے ہیں، اس لئے وفاقی حکومت وزارت خارجہ کے ذریعے سعودی حکام کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھائے اور پاکستانیوں کے مسائل کوحل کرے۔

قرار داد جماعت اسلامی کے محمدعلی نے پیش کی جس کو حکومت اور اپوزیشن اراکین کی تائید حاصل تھی پیش کرنے کے بعد قرارداد کو متفقہ طو رپر منظور کرلیاگیاقرار داد کے متین کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو وہاں کفیلوں کے ظالمانہ رویے کاشکارہیں جاں بحق ہونے کی صورت میں اس وقت تک لاش حوالے نہیں کی جاتی جب تک اقامہ کی رقم ادانہیں کی جاتی جیلوں میں ہزاروں پاکستانی انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں سعودی قانون میں غیرسعودی کیلئے کوئی قانون نہیں کہ جہاں ان کے ظلموں کا مداواکیاجاسکے اسلئے صوبائی اسمبلی وفاقی حکومت کے ذریعے وزارت خارجہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سعودی حکومت کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھائے اور پاکستانیوں کے مسئلے کوحل کرے۔

(جاری ہے)

اسمبلی اجلاس میں پی پی کے صاحبزادہ ثناء اللہ کی تحریک استحقاق کی بھی منظور دی گئی جس میں کہاگیاکہ75ہزار ملازمین کے اپ گریڈیشن سے سٹینوگرافرکونکالاگیاہے لیکن اس کی اپ گریڈیشن کی سفارش قائمہ کمیٹی نے کی تھی جس کے بعد انہیں اس فہرست سے نکالاگیا جس کے بعد تحریک استحقاق کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیاگیاتوجہ دلائونوٹس پر بحث کرتے ہوئے صاحبزادہ ثناء اللہ نے کہاکہ ملاکنڈ میں کرش مشینوں کی بندش کے باعث لوگ مسلسل بے روزگارہورہے ہیں جواب میں مشیر برائے قانون عارف یوسف نے کہاکہ قواعدوضوابط کے مطابق آبادی سے دوکلومیٹر اورسڑک سے پانچ سو میٹرکے فاصلے پرمعدنیات کے لئے کسی جگہ کو کھودنامنع ہے او راس کے احکامات سپریم کورٹ نے جاری کئے ہیں۔