لودھراں میں مسلم لیگی امیدوار کی کامیابی کو انسانی حقوق کی علمبردار محترمہ عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے نام کرتے ہیں، خواجہ طارق نذیر

منگل 13 فروری 2018 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) مسلم لیگ (ن)کراچی کے جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں میں مسلم لیگی امیدوار کی کامیابی کو انسانی حقوق کی علمبردار محترمہ عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے نام کرتے ہیں، یہ کامیابی ووٹرز کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ کشمیر ہائوس میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر حاجی شاہجہاں، سہیل ندیم، مہناج اختر اور خواجہ نیئر شریف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ لودھراں کی جیت نے عمران خان اور زرداری کی سیاست ختم کردی ہے جو کہ یہ نوید بھی دے رہی ہے کہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)ہی فاتح جماعت ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار نے پنچاب میں ضمانت ضبط کروانے کی اپنی روایات برقرار رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)میں تفرقہ پیدا کرنے والے عام انتخابات میں عوام کے غیض و غضب کا نشان بننے کے لئے تیار ہو جائیں۔ خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ بیں الاقوامی شہرت کی حامل انسانی حقوق کی علبردار محترمہ عاصمہ جہانگیر مرحومہ کو آج دنیا خراج عقیدت پیش کررہی ہے، اس کو سامنے رکھتے ہوئے اور مرحومہ کی خدمات کے اعتراف میں لودھراں کی مسلم لیگ (ن)کی فتح ان کے نام کرتے ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن)پاکستان کے کسانوں، مزدوروں، طالبعلموں کے ساتھ غریبوں کی سیاسی جماعت ہے اور ان کے حقوق کی علمبردار بھی ہے۔