لاہور ،مضبوط معاشی اور علمی بنیاد کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ملک محمد رفیق رجوانہ

ہمارے قابل اور باصلاحیت نوجوان دنیا کی بڑھتی ہوئی معاشی ترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے تیار رہیں،گورنر پنجاب

منگل 13 فروری 2018 21:16

لاہور ،مضبوط معاشی اور علمی بنیاد کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ..
!لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2018ء) گورنر پنجاب وچانسلر ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مضبوط معاشی اور علمی بنیاد کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ ہمارے قابل اور باصلاحیت نوجوان دنیا کی بڑھتی ہوئی معاشی ترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ عالمگیریت کے اس دور میں ہمارے لیے ترقی کے امکانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

ہمیں شعوری طور پر تیزی سے وقوع پذیرہونے والی ان تبدیلیوں کے لیے تیار ہونا ہے اور سائنس اور معاشی ترقی کے فوائد کے ساتھ ساتھ اپنی ثقافتی اور اخلاقی اقدار کو بھی مضبوط کرنا ہوگا۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تیرہویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کے ہمراہ 1877گریجویٹس کو ڈگریاں اور میڈلز عطا کیے جن میں 24پی ایچ ڈی، 84ایم فل ، 99گولڈ میڈل، 85سلور میڈل اور 1585بی ایس، بی ایس سی اورایم اے ایم ایس سی ڈگری ہولڈر زشامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنرپنجاب نے طلبا وطالبات سے کہا کہ اُن کی دن رات محنتوں کے صلے میں آج ڈگری عطا کی جا رہی ہے۔ طلبا کو چاہیے کہ اپنی نجی اور قومی ذمہ داریوں کو اپنی صلاحیتوں کے بہترین استعمال سے پورا کریں ۔ عہد حاضر کے مسائل کے حل پر سنجیدگی سے غور وفکر کریں اور اُن کے حل کے لیے لائحہ عمل تیار کریں۔ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اپنے علم اور شعور کے ذریعے وسائل کا منصفانہ استعمال کرتے ہوئے اپنے معاشرے اور دنیا کو امن کا گہوارا بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر دلی اطمینان محسوس ہوتا ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہے ۔ ہمارے تعلیمی اِدارے ایک نعمت سے کم نہیں ہیں اور اصل نعمت پاکستان ہے ، جس کی دولت ہمارے نوجوان ہیں ۔ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور اُنہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لیے نئے ادارے ، کالجز اور یونیورسٹیاں بنائی ہیں ۔ اس مقصد کے لیے جنوبی پنجاب کو فوقیت دی گئی ہے ۔

ہمارے تعلیمی اِداروں میں طلبہ خصوصاً طالبات کے تحفظ کے لیے بھی واضح پالیسی بنائی جار ہی ہے۔ اسی طرح حکومتی قانون نافذکرنے والے اِداروں کے اشتراک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے محفوظ اور پُر امن تعلیمی ماحول بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی سربراہی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ہر شعبے میں ہونے والی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔

انہوں نے اساتذہ کو قوم کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھرپور لگن اور محنت سے بہترین تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوان تیار کریں اور اپنے فکر وعمل سے جامعہ کو ایک مثالی اِدارہ بنائیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میںوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتا ق نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ میں ماضی کے چالیس برسوں میں کل سات کانووکیشن منعقد ہوئے جن میں 82,354ڈگریاں دی گئیں جبکہ گزشتہ تین برسوں میں سات کانووکیشن منعقد کر کی80,946 ڈگریاں عطا کی گئیں اور اس طرح ایک دیرینہ زیر التواء مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل کر دیا گیا جس سے ہزاروں کی تعداد میں طلبا وطالبات مستفید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں میں کل 131,667ڈگریاں عطا کی گئیں جن میں 80,946ریگولر طلبا وطالبات اور 50,721پرائیوٹ طلبا وطالبات شامل ہیںجس کے لئے خصوصی تعاون پر گورنر پنجاب کے خصوصی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں سیمسٹر سسٹم کے تحت سال میں دو مرتبہ داخلوں کے اجراء اور تعلیمی معیار میں سیمسٹر کیلنڈر کے نفاذ کے ذریعے ہونے والی بہتری کے باعث یونیورسٹی رینکنگ میں چالیس درجے اضافہ ہواہے اور تحقیقی میدان میں یونیورسٹی پنجاب کی اولین جامعات میں شمار ہونے لگی ہے۔

انہوں نے ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو مبارکباد دی اور گورنر پنجاب و چانسلر ملک محمد رفیق رجوانہ اور دیگر معزز مہمانوں کی خصوصی آمد پر ان کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حسینہ بیگم ، ممبر سینڈیکیٹ جسٹس (ر) ظفر یٰسین، ملک حبیب اللہ بھٹہ، سید تابش الوری ، معززین شہر ، میڈیا نمائندگان، اساتذہ اور طلبا وطالبات کثیر تعداد موجودتھی۔

دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز کو باقاعدگی سے گرانٹ دینے کے لئے قانون میں خصوصی ترامیم کی گئی ہیں جس کے بعد باقاعدگی سے ہر بجٹ میں تمام بار ایسوسی ایشنز کوبلاتفریق گرانٹ وصول ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وہ بار ایسوسی ایشنز اور وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وہ ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سرکٹ ہائوس بہاول پور میں تحصیل بار ،ڈسٹرکٹ بار اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے وفد سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاول پور کے صدر چوہدری نور حسن، جنرل سیکرٹری رانا محمد راشد جاوید، نائب صدر مخدوم کلیم اللہ ہاشمی، ایگزیکٹیو ممبر چوہدری محمد طاہر بشیر گجیال،صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن خان پور عبد الرئوف، جنرل سیکرٹری ملک راشد، صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن منچن آباد خالد وٹو، جنرل سیکرٹری عقیل شفیع، صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن فورٹ عباس چوہدری رئوف اور جنرل سیکرٹری شفیق وٹو شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :