ژوب کے نوجوانوں سے محبت ہے ،شیخ جعفر خان مندوخیل

طالبعلموں کی خواہش پر آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کے داخلے میں یونی حکام سے توسیع کردی ہے ،صوبائی وزیر

منگل 13 فروری 2018 21:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء)پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر زراعت و امداد باہمی شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ کہ سیاسی وابستگیوں اور سیاست سے بالا ترہوکرژوب کے نوجوانوں سے محبت ہے ہم نے ژوب کے طالبعلموں کی خواہش پر آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کے داخلے میں یونی حکام سے توسیع کردی ہے اور اب داخلے 20 فروری تک جاری رہینگے اور مارچ میں کلاسز کا آغاز ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ٹی یونیورسٹی کے طالبعلموں کے ایک 20 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفد نے آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کرنے پر جعفر مندوخیل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ژوب کی پسماندگی کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ اور اعلی تعلیمی اداروں کے قیام پر انہوں نے ژوب کے عوام اور نوجوانوں کے دل جیت لئے ہیں۔

(جاری ہے)

جعفر مندوخیل نے کہا کہ آئی ٹی یونیورسٹی اب ایک خواب نہیں بلکہ ایک حقیقت بن چکا ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے اب داخلوں کا آغاز بھی ہوچکا ہے اور مارچ سے باقاعدہ کلاسز بھی شروع ہونگے۔جعفر مندوخیل نے طلباء کو بتایا کہ آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کے طلباء طالبات اور اساتذہ کرام کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی علیحدہ علیحدہ بندوبست کیا گیا ہے اور یہ سہولت بہتر انداز میں میسر ہوگی۔

جعفر مندوخیل نے کہا کہ میں ایک بار پھر آئی ٹی یونیورسٹی کے اعلی حکام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہر مرحلے پر اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور انکی دلچسپی قابل داد ہے۔ جعفر مندوخیل نے کہا کہ طلباء اور علاقے کے نوجوان ہمارے اس کاوش کی بدولت ژوب میں عظیم تعلیمی تبدیلی دیکھیں گے اور ہم ژوب کو تعلیمی لحاظ سے بلوچستان کا ماڈل ضلع بنانے کا پختہ عزم کر چکے ہیں۔