لودھراں الیکشن کسی سیاسی جماعت کی مقبولیت کی جانچ کا پیمانہ نہیں‘میاں محمودالرشید

کسی کو کوئی غلطی فہمی ہے تو وہ جلد دور ہو جائیگی،لودھراں کی سیٹ تحریک انصاف اورجہانگیر ترین کی سیٹ ہے کل پھر ہماری ہوگی‘گفتگو

منگل 13 فروری 2018 20:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2018ء) پنجاب اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ لودھراں الیکشن کسی سیاسی جماعت کی مقبولیت کی جانچ کا پیمانہ نہیں،کسی کو کوئی غلطی فہمی ہے تو وہ جلد دور ہو جائیگی،لودھراں کی سیٹ تحریک انصاف اورجہانگیر ترین کی سیٹ ہے، کل تک ہماری تھی آنے والے کل میں بھی ہماری ہوگی۔پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میاں محمودالرشید نے کہا کہ الیکشن بھرپور طریقے سے لڑا،شکست کے باوجود علی ترین کو ٹکٹ دینا درست اقدام ثابت ہوا، ضمنی انتخاب میں حکومتی جماعت کا پلڑا ہمیشہ بھاری ہی رہا، سرکاری مشینری کا بھرپور استعمال ہونے کے باوجود تحریک انصاف نی90ہزار کے قریب ووٹ لئے درحقیقت یہ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر عوام کا عدم اعتماد ہے، رہی بات سیٹ کی تو یہ کل بھی ہماری تھی آنے والے کل میں بھی ہماری ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور ہر سیاسی جماعت میں اختلاف رائے ہو تا ہے، لودھراں میں بھی ایسی صورتحال ہو سکتی ہے لیکن عمران خان کی جانب سے علی ترین کو ٹکٹ دینے کا اقدام درست ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں اپوزیشن میں ہو کر بھی این ای154میں اتنا ووٹ لیناخوش آئند ہے تاہم شکست کی وجوہات جاننے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے رپورٹ آنے کے بعد اپنی کوتاہیوں کا جائزہ لیکر آئندہ کی حکمت عملی طے کرینگے۔