لودھراں ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے حد سے زیادہ خوداعتمادی لے ڈوبی

ووٹرز کو گھروں سے نکالنے کیلئے حکمت عملی بھی درست نہیں تھی، یہی شکست کی وجہ بنی، جو کمی بیشی رہ گئی اس پر عام انتخابات سے قبل قابو پا کر بھرپور انداز میں لڑیں گے اور نشست واپس حاصل کریں گے: علی ترین

muhammad ali محمد علی منگل 13 فروری 2018 20:33

لودھراں ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے حد سے زیادہ خوداعتمادی لے ڈوبی
لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری2018ء) علی ترین کا کہنا ہے کہ لودھراں میں ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے حد سے زیادہ خوداعتمادی لے ڈوبی۔ تفصیلات کے مطابق این اے 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں اپ سیٹ شکست کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا پر منظر عام پر آ کر جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے شکست کی وجوہات بیان کیں۔ علی ترین کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کیلئے بھرپور محنت کی تاہم ووٹرز کو گھروں سے نکالنے کیلئے حکمت عملی شاید درست نہیں تھی۔

(جاری ہے)

علی ترین کا کہنا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کیلئے حد سے زیادہ خوداعتمادی کا شکار ہوگئے تھے، شاید یہی وہ وجہ تھی جو شکست کا باعث بنی۔ تاہم حکومت وقت کیخلاف 90 ہزار ووٹ حاصل کر لینا بھی ایک کامیابی ہے۔ علی ترین کا مزید کہنا ہے کہ جو کمی بیشی رہ گئی اس پر عام انتخابات سے قبل قابو پا کر بھرپور انداز میں لڑیں گے اور نشست واپس حاصل کریں گے۔ ورکرز اور عوام سے رابطہ بحال رکھیں گے اور حلقے میں ہی رہ کر آئندہ الیکشن تک بھرپور محنت کرکے اپنی نشست کو دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس مرتبہ ہم ٹھنڈے ہوگئے تھے تاہم دوبارہ ایسا نہیں ہوگا۔ موقع ملا تو حلقے کی عوام کی ہر ممکن طور پر خدمت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :