وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات

آزاد کشمیر کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی حکومت کی مسلسل معاونت کا اعادہ

منگل 13 فروری 2018 20:47

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد کشمیر کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی حکومت کی مسلسل معاونت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار منگل کو وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں کیا جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر، وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک، وزیراعظم کے سیکرٹری، وفاقی سیکرٹریز برائے خزانہ، پاور ڈویژن اور امور کشمیر اور دیگر سرکاری حکام شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جن کا مقصد خطے کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی اور علاقے میں سیاحت کا فروغ تھا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے وژن کے تحت شروع کردہ ترقیاتی پروگرام پر غور کرتے ہوئے آزاد کشمیر حکومت نے موجودہ وفاقی حکومت کے تحت آزاد کشمیر کیلئے بجٹ کو 12 ارب سے بڑھا کر 22 ارب کرنے اور میرپور۔مظفر آباد۔ مانسہرہ ایکسپریس وے اور سی پیک منصوبے کے تحت میرپور خصوصی اقتصادی زون کے قیام سمیت مختلف شاندار منصوبے شروع کرنے کی تعریف کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے معاونت میں اضافے سے آزاد کشمیر حکومت کو پاکستان کے ساتھ بہتر مواصلاتی رابطے اور ضلع، تحصیل کی سطح پر رابطے بڑھانے کیلئے تمام بڑی سڑکوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ تعمیری شعبوں کی بحالی میں مدد ملی ہے۔