بلدیاتی منتخب نمائندے سیاست سے بالاتر ہو کر شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، میئر کراچی وسیم اختر

سیاست میں الجھنے کے بجائے شہریوں کے مسائل حل کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کریں، بلدیاتی افسران اپنے محکموں میں موجود رہیں

منگل 13 فروری 2018 20:37

بلدیاتی منتخب نمائندے سیاست سے بالاتر ہو کر شہر کی تعمیر و ترقی میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی منتخب نمائندے سیاست سے بالاتر ہو کر شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور سیاست میں الجھنے کے بجائے شہریوں کے مسائل حل کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کریں، بلدیاتی افسران اپنے محکموں میں موجود رہیں اور اگر ان میں کسی کو سیاست کرنی ہے تو وہ ملازمت چھوڑ کر سیاست میں آجائیں، عوام کو سیاسی بنیادوں پر تقسیم نہیں کیا جاسکتا، ہماری ذمہ داری بلدیہ کی ہے ہمارے شہر کے ایشو بہت زیادہ ہیں ، سیوریج ، پانی اور کچرے کے باعث شہر کا برا حال ہے ، سیاسی معاملات میں بلدیاتی نمائندے الجھیں گے تو شہر کا نقصان ہوگا، شہر میں ترقیاتی کام چل رہے ہیں ، اے ڈی پی کی اسکیمیں آرہی ہیں ان کی نگرانی اور علاقوں میں کاموں کی ذمہ داری ہم سب منتخب نمائندوں کے کاندھوں پر عائد ہوتی ہے، یہ بات انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین، سٹی کونسل کے منتخب اراکین، خواتین اور مخصوص نشستوں پر منتخب نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، لینڈ کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن، لاء کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ اور بڑی تعداد میں سٹی کونسلرز موجود تھے، میئر کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ اجلاس شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور کے ایم سی بجٹ سے نئے منصوبوں کے آغاز پر منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے لئے کیا گیا ہے اور ان سے تجاویز طلب کی گئی ہیں کہ شہر میں کون سے منصوبے ترجیحی بنیاد پر مکمل کئے جائیں، سٹی کونسل کے تمام اراکان کو 25 لاکھ روپے تک کے ترقیاتی کام کرانے کے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی یونین کمیٹیوں میں کام کرواسکیں، انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی میں تمام کونسل اراکین کے منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتیں اپنا کھیل اپنے تک ہی محدود رکھیں اور بلدیاتی نمائندوں کو شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے دیں ، میئر کراچی نے کہا کہ انہیں ڈی سیٹ کا کوئی خوف نہیںاور تمام بلدیاتی منتخب نمائندے میرے شانہ بشانہ ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو دیکھنا چاہئے کہ کون کنفیوژ کر رہا ہے کراچی والے جانتے ہیں بلکہ پورا پاکستان اس بات کو سمجھ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ کراچی کے میئر ہیں اور اپنا کام جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ آج کا اجلاس پاور شو ہے بلکہ یہ معمول کے مطابق ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے کیا گیا ہے اس سے پہلے بھی اس قسم کے اجلاس منعقد ہوچکے ہیں اور آئندہ بھی میں اجلاس منعقد کرتا رہوں گا جو لوگ اس اجلاس میں آنے سے بلدیاتی نمائندوں کو روک رہے تھے انہیں میں کہنا چاہتا ہوں کہ خدارا یہ زہر نیچے تک نہ پہنچائیں ، ووٹ کو تقسیم نہ ہونے دیں اور جو یہ سوچ رکھتے ہیں اور یہاں آنے سے روک رہے ہیں وہ انتہائی چھوٹے ذہن کے لوگ ہیں ان کا یہ کردار دیکھ کر افسوس ہو رہا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے لوگ اب ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شہر میں تبدیلی محسوس کر رہے ہیں اور شہر بہتر ہونا شروع ہوا ہے ہر ڈسٹرکٹ کے اپنے ایشوز ہیں اور ان کے حل کے لئے ڈسٹرکٹ چیئرمین اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ وہ اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر فرائض انجام دے رہے ہیں اور انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی دشواری کا سامنا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان کا سیاسی بنیاد پر نہ تو تبادلہ کیا ہے اور نہ ہی ایسا کرنا چاہتے ہیں یہ تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر افسران کے تبادلے کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ سراسر غلط ہے جو افسران اپنے فرائض محنت، ایمانداری اور لگن سے انجام دیں گے وہ اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے اور نہ ہی ان کی مراعات ختم کی جائیں گی، تقریب کے بعد انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کی اور مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور اور ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ منتخب چیئرمین کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :