پاکستان کے پاس دنیا کو پیش کرنے کیلئے بہت کچھ ہے ،نوجوانوں کی ترقی کیلئے راہیں ہموار کرنے پر یقین رکھتے ہیں،رانا محمد افضل خان

اندرون و بیرون ملک مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کو فروغ دینے کا حامی ہوں، وزیر مملکت خزانہ کی اے سی سی اے پاکستان کے وفد سے گفتگو اقتصادی ترقی میں خدمات کے شعبہ بالخصوص اکائونٹنسی سروسز کی اہمیت پر تبادلہ خیال

منگل 13 فروری 2018 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کو پیش کرنے کیلئے بہت کچھ ہے ،نوجوانوں کی ترقی کیلئے راہیں ہموار کرنے پر یقین رکھتے ہیں،اندرون و بیرون ملک مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کو فروغ دینے کا حامی ہوں ۔وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے یہ بات منگل کو ایسوسی ایشن آف سرٹیفائیڈ چارٹرڈ اکائونٹنٹس (اے سی سی ای) پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ان سے سجید اسلم کی سربراہی میں ملاقات کی۔

وفد نے وزیر مملکت کیساتھ اقتصادی ترقی میں خدمات کے شعبہ بالخصوص اکائونٹنسی سروسز کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے انہیں بتایا کہ وسط ایشیائی ممالک میں پاکستانی پروفیشنلز کی بہت مانگ ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حکومتی معاونت ملک کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ وفد نے اس حوالے سے آئندہ بجٹ کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے اے سی سی اے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ وہ اندرون و بیرون ملک مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کو پیش کرنے کے لئے بہت کچھ ہے اور ہم ملک کے نوجوانوں کی ترقی کے لئے راہیں ہموار کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وفد نے سی پیک سے متعلق ایک رپورٹ ’’دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو : ری شیپنگ گلوبل ویلیو چین‘‘ بھی وزیر مملکت کو پیش کی۔

متعلقہ عنوان :