پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا اسی زبان میں منہ توڑجواب دے گا ،

پاکستان کی مسلح افواج تمام امکانات بارے چوکس اور چوکنا ہیں اور اپنی علاقائی یکجہتی، ملکی استحکام اور دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، ہماری مسلح افواج کوزمینی، بحری اور فضائی حدود کا دفاع کرنے کے سلسلہ میں عوام کی بھرپور حمایت اور تعاون حاصل ہے ،وزیردفاع خرم دستگیر کا بیان

منگل 13 فروری 2018 20:07

پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا اسی زبان میں منہ توڑجواب دے گا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیردفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا اسی زبان میں منہ توڑجواب دے گا اور کسی بھی جارحیت،تزویراتی غلط فہمی یا مہم جوئی کی شدت،طریقہ یا محل وقوع سے قطع نظر بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی اور برابری کی بنیاد پر بھرپور جواب دینگے ۔منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے کسی بھی ٹھوس ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام لگانے کے بھونڈے عمل کی بجائے بھارت کوپاکستان کیخلاف ریاستی سطح پر کی جانیوالی سازشوں کا جواب دینا چاہیے جس کا زندہ جاگتا ثبوت کلبھوشن یادیو کی شکل میں پوری دنیا کے سامنے ہے۔

بھارت 11سال قبل اسی ہفتہ میں سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونیوالی دہشتگردی میں 42پاکستانیوں کے قتل پر انصاف کی فراہمی کرنے میں ناکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

خرم دستگیر خان نے کہا کہ بھارت درحقیقت ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر 2017ء سے 5گناہ زیادہ فوجی حملوں اور ایٹمی ڈیٹرنیٹ بارے میں غیر ذمہ داربیانات دے کر خطہ میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام امکانات بارے چوکس اور چوکنا ہیں اور وہ اپنی علاقائی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے ملکی دفاع کیلئے بھرپور اور مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کوزمینی، بحری اور فضائی حدود کا دفاع کرنے کے سلسلہ میں عوام کی بھرپور اور مکمل حمایت اور تعاون حاصل ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارتی حکومت کی ممکنہ تزویراتی غلط فہمی پر مبنی کارروائی سے جنوبی ایشیاء بھر کا سٹرٹیجک استحکام متاثر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :