ایم کیوایم اختلافات؛ فاروق ستار نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا

رابطہ کمیٹی اور ڈپٹی کنوینئرز نے پارٹی آئین کی خلاف ورزی کی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

منگل 13 فروری 2018 20:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھ کر اپنی پارٹی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے فاروق ستار کو پارٹی کنوینئر کے عہدے سے فارغ کیے جانے کے بعد فاروق ستار نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)سردار رضا خان کے نام ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر کی حیثیت سے خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ تاحال قانونی طور پر پارٹی کنوینئر ہیں۔فاروق ستار نے چیف الیکشن کمشنر کوخط کے ساتھ پارٹی کے جنرل ورکرز اجلاس کی منظور شدہ قرارداد کی کاپی بھی منسلک کی ہے۔ خط کے متن میں فاروق ستار کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات تک پارٹی کا کنوینئرمیں ہی ہوں جب کہ 11 فروری کو رابطہ کمیٹی کا اجلاس غیر قانونی تھا، رابطہ کمیٹی اور ڈپٹی کنوینئرز نے پارٹی آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔