چوہدری نثار کی جارحانہ حکمت عملی اور مسلسل لگائے جانے والے الزامات، نواز شریف کا خاموشی اختیار کیے رکھنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی منگل 13 فروری 2018 19:50

چوہدری نثار کی جارحانہ حکمت عملی اور مسلسل لگائے جانے والے الزامات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری2018ء) چوہدری نثار کی جارحانہ حکمت عملی اور مسلسل لگائے جانے والے الزامات پر نواز شریف نے خاموشی اختیار کیے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے تنقیدی توپوں کا رخ اپوزیشن جماعتوں کی بجائے اپنی ہی پارٹی کی قیادت کی جانب موڑ رکھا ہے۔

چوہدری نثار میڈیا پر آ کر کھل کر پارٹی قیادت کے فیصلوں کیخلاف بغاوت کر چکے ہیں۔ جبکہ چوہدری نثار پارٹی میں مریم نواز کا بطور قائد کردار قبول کرنے سے بھی صاف انکار کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار کی اس جارحانہ حکمت عملی نے ن لیگ کی قیادت کو شدید پریشانی کا شکار کر رکھا ہے۔ تاہم اعلی قیادت کی جانب سے تاحال چوہدری نثار کے کسی الزام کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

منگل کے روز نیب عدالت میں پیشی کے بعد جب ایک صحافی نے نواز شریف سے چوہدری نثار کے الزامات اور جارحانہ حکمت عملی کے حوالے سے سوال کیا تو سابق وزیراعظم نے معنی خیز انداز میں مسکراتے ہوئے سوال کا جواب نہیں دیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے فی الحال چوہدری نثار کی جارحانہ حکمت عملی اور مسلسل لگائے جانے والے الزامات پر  خاموشی اختیار کیے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔