یٹکو فوڈز کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کامیاب لسٹنگ، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چاول کی کمپنی کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ہو گی

منگل 13 فروری 2018 20:03

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان کی سب سے بڑی باسمتی چاول کی برآمد کنندہ کمپنی میٹکو فوڈز لمیٹیڈ کے حصص کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ یہ بات میٹکو فوڈز کے ڈائریکٹر فنانس فیضان علی غوری سی ایف اے نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ جاوید علی غوری چیئرمین میٹکو فوڈز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ رچرڈ مورن، چیف ایگزیکٹو پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور ہینگ یو ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی موجود تھے۔ میٹکو فوڈز نے جنور ی میں اس سال کا پہلا آئی پی او جاری کیا اور میٹکوفوڈزاس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فوڈ کے کاروبار سے منسلک دوسری کمپنی ہے جبکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی چاول کی کمپنی کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ہو گی۔

(جاری ہے)

میٹکو فوڈز نے حال ہی میں بک بلڈنگ مکمل کی ہے جس کے تحت 29,143,000 آرڈنری حصص 26 روپے فی حصص پر فروخت کئے گئے اور کمیشن، ڈسکاؤنٹ اور آفرنگ اخراجات کو منہا کئے بغیر مجموعی طور پر 75 کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز حاصل کئے گئے ہیں۔ میٹکو فوڈز حصص کی فروخت سے حاصل کئے گئے فنڈز کو اپنے چاول گلوکوز کے پلانٹ کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے استعمال کرے گا۔

اس وقت میٹکو فوڈز کے چاول گلوکوز اور پروٹین پلانٹ میں گلوکوز کی پیداواری صلاحیت 10 ہزار میٹرک ٹن اور پروٹین کی ایک ہزار میٹرک ٹن سالانہ ہے جبکہ توسیع منصوبے کے بعد اس پلانٹ کے ذریعے گلوکوز کی پیداوار بڑھ کر 30 ہزار میٹرک ٹن اور پروٹین کی 3 ہزار میٹرک ٹن سالانہ ہو جائے گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں چاول کلو گوز کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی بناء پر کمپنی نے پیداواری صلاحیت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میٹکو فوڈزجاوید علی غوری نے بتایا کہ میٹکو فوڈزکے حصص کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور تمام حصص یافتگان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام لوگوں، سرمایہ کاروں اور اداروں بشمول پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے میٹکو فوڈز کے حصص کی بک بلڈنگ میں حصہ لیا۔

ہم سمجھتے ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ کی ترقی میں ایس ای سی پی کا کردار نا قابل فراموش ہے اور مثبت پالیسیوں سے مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹکو فوڈز چاول برآمدکرنے والی ایک بڑی پاکستانی کمپنی ہے۔ میٹکو فوڈز نے پاکستان اور بین القوامی سطح پر چاول کے برانڈز کو متعارف کروایا اور اس وقت میٹکو فوڈز کا برانڈ ’’فلک‘‘ باسمتی چاول نہ صرف پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں دستیاب ہے بلکہ دنیا کے 40 ممالک کو برآمد بھی کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد غوری نے بتایا کہ ہم چاول گلوکوز اور چاول پروٹین پلانٹ میں توسیع منصوبے کے ساتھ ساتھ اپنی کمپنی میں مزید سرمایہ کاری کے عمل کو جاری رکھیں گے تا کہ پاکستانی چاول کے برانڈز کو مقامی اور بین القوامی سطح پر مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹکو فوڈز کے حصص کی بک بلڈنگ کے لئے ایم سی بی بینک نے بک رنر منیجر اور عارف حبیب نے بطور کنسلٹنٹ کا کردار ادا کیا جس پر ہم ان کے بھی شکر گزار ہیں۔

پریس کانفرنس کے موقع پر ڈائریکٹر فنانس فیضان علی غوری بھی موجود تھے جنہوں نے کمپنی کے آپریشنز کے بارے میں بتایا۔ میٹکو فوڈز کے بارے میں میٹکو فوڈز لمیٹڈ جنوبی ایشیا میں زرعی شعبے کی ایک بڑی کمپنی ہے جس کا چاول کی صنعت میں 50 سال کا تجربہ ہے، اس کے دنیا بھر میں 160 سے زائدکارپوریٹ کسٹمرز ہیں اور 60 سے زائد ممالک کو چاول برآمد کیا جاتا ہے۔

کمپنی کا صرف ایک برانڈ فلک چالیس سے زائد ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔ میٹکو فوڈز پاکستان کی واحد ایگرو پراسسنگ کی کمپنی ہے جس میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، کمپنی کو امریکہ اور یورپ سے آرگینک سرٹیفیکیٹ بھی حاصل ہیں۔ کمپنی نے حال ہی میں اپنے آپریشن میں توسیع کرتے ہوئے چاول گلوکوز اور پروٹین کا پلانٹ لگایا ہے، یہ پلانٹ مکمل آپریشنل ہے اور سالانہ 10 ہزار ٹن گلوکوز اور ایک ہزار ٹن پروٹین تیار کر رہا ہے۔