سانحہ چیئرنگ کراس کو ایک سال بیت گیا

منگل 13 فروری 2018 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) سانحہ چیئرنگ کراس کو ایک سال بیت گیا۔فیصل چوک میںگزشتہ سال 13فروری کو میڈیسن کمپنیوں اور فارما سسٹ کے احتجاج کے دوران خود کش دھماکے میں چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر)احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد اکرام گوندل سمیت 16 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے ۔شہداء کے اہل خانہ کی جانب سے پہلی برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے دہشتگردوں کے حملوں میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے جوانوں کی یاد میں یوم شہدا ء منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں دن کا آغاز قلعہ گجر سنگھ پولیس لائن میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی سے ہواجس میں پولیس افسران اور اہلکارونکی کثیر تعدادنے شرکت کی۔شہید پولیس افسران اور اہلکاروںکو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے الحمرا ہال میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں آئی جی پنجاب ، سی سی پی او ، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی ۔ بعد ازاں شہید پولیس افسران کی قبروں پرحاضری دے کر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ سی ٹی او رائے اعجاز احمد نے شہید کیپٹن احمد مبین کے گھرجا کر فاتحہ خوانی کی ۔