صوبائی حکومت نے قیام امن کیلئے عملی اقدامات اور شہریوں کو سیر و تفریح کے اہم مواقع بھی فراہم کررہی ہیں،محمدعاطف وزیر تعلیم کے پی کے

منگل 13 فروری 2018 19:58

․پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جہاں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں وہاں پر شہریوں کو سیر و تفریح کے اہم مواقع بھی فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردان شہر میں عوام کو سیر و تفریح کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے مختلف پارک بنائے جارہے ہیں جن میں فیملی پارک مردان ، غزی خیل پارک ، بجلی گھر میں دو لینئر پارکس، لائیو سٹاک آفس پارک ، اور 55کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پاکستان کا سب سے بڑا رنگ روڈ طور و پارک شامل ہیں۔

وہ 18.79ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فیملی پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع سے ممبر صوبائی اسمبلی زاہد درانی ، حلقہ پی کے 23کے سابقہ امیدوار عمر فاروق کا کا خیل اور ضلعی کونسل کے رکن شیر بہادر نے بھی خطا ب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ فیملی پارک کے قیام میں لوگوں نے بہت روڑے اٹکائے ہیں اور وہ اس سہولت سے مردان کے عوام کو محروم رکھنا چاہتے تھے۔

مگر آج ان کے ناپاک ارادے خاک میں مل گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک میں موجود مسجد اور پرانا بلڈنگ بھی بحال رہے گا، ہم کسی بھی چیز کو خراب نہیں کررہے بلکہ مزید بہتری لائیں گے۔ ہمار ا کام چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے نہ کہ خراب کرنا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ ہم نے مردان کے غیور عوام کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں جن میں 95کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالا مردان سپورٹس کمپلیکس کا بھی عنقریب افتتاح کیا جائیگا۔

یہ سپورٹس کمپلیکس پاکستان کا سب سے بہترین اور سہولیات کے لحاظ سے بڑا سپورٹس کمپلیکس ہوگا۔ اسی طرح چونکہ زیادہ تر لڑکیاں "کو ایجوکیشن "کی وجہ سے تعلیم کی سہولت سے محروم رہتی تھیں۔ ہم نے ان کیلئے ویمن یونیورسٹی مردان شہر میں ہی قائم کی اسکے قیام میں بھی عوامی نیشنل پارٹی والوں نے مشکلات پیدا کیں اور stay order اور بہت سے حربے استعمال کئے مگر آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کر م سے ویمن یونیورسٹی کا میابی کیساتھ کام کررہی ہے اور اس کے لئے 550کنال رقبہ پر تقریباً 3ارب روپے کی لاگت سے اپنی بلڈنگ بھی بنائی جارہا ہے جس کا افتتاح بھی بہت جلد کیا جائیگا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پورے خیبر پختونخوا میں صرف ایک انجینئرنگ یونیورسٹی تھی مگر ہماری کوششوں سے آج مردان میں بھی انجینئرنگ یونیورسٹی قائم ہوگی جس پر تقریباً2ارب روپے کی لاگت آتی ہے ۔ اسی طرح سابقہ دور حکومت کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے مردان شہر میں دہشت گردی ، بد امنی ، چوری ، ڈکیتی اپنے عروج پر تھی اور لوگ پورے خیبر پختونخوا اور مردان سے نقل مکانی کررہے تھے۔

پی ٹی آئی کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے آج نہ صرف یہاں پر امن قائم ہوا بلکہ ہمارے دور حکومت میں بنائے گئے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں پورے پاکستان سے بچیاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح مردان شہر کی بحالی اور خوبصورتی کیلئے ایک ارب روپے لگ رہے ہیں ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ مردان میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں یا ہورہے ہیں عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ انکی مخالفت کی ہے اور مسائل پیدا کئے ہیں ۔

انہوں نے کہا یہ ترقیاتی کام ہم اپنے لئے تو نہیں کررہے یہ تو عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تمام مخالفتوں اور تعمیراتی کاموں میں مسائل پیدا کرنے کے ثبوت بھی موجود ہیں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے آبائو اجداد کے نام پر یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور ان میں انتہائی درجے کی کرپشن ، بدعنوانی اور نااہل لوگوں کو پیسے لے کر بھرتی کیا اور نتیجتاًآج وہ یونیورسٹیاں زوال کا شکا رہیں ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ اے این پی والوں نے کرپشن ،کمیشن اور ٹھیکوں کیلئے صرف بلڈنگز بنائی ہیں مگر ہم نے حقیقی معنوں میں سکول، کالج اور ہسپتال بنائے ہیں اور پرانے بحال بھی کئے ہیں جہاں پر عوام کے مسائل حل ہورہے ہیں جہاں پر لوگ تعلیم حاصل کررہے ہیں جہاں پر جدید دور کے تقاضوں کے مطابق معماران قوم کی تشکیل ہورہی ہے اور یہ وہ حقیقی تبدیلی ہے جس کا ہم نے نعرہ لگایا تھا۔

متعلقہ عنوان :