حرمین شریفین کی حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، مولانا عبدالغفور حیدری

منگل 13 فروری 2018 19:58

حرمین شریفین کی حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، مولانا ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل قائم مقام چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے جمعیت علماء اسلام ہمہ وقت حرمین شریفین کی حفاظت کے لئے تیار ہے حرمین تمام مسلمانوں کی عقیدتوں محبتوں کا مرکز ہے یہاں سے ہمیں بھائی چارگی اخوت محبت کا درس ملتا ہے حرمین شریفین ہمارا قبلہ ہے اس کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

یہ بات انہوں نے جمعیت علماء اسلام سعودی عرب کے مرکزی امیر مولانا حمداللہ عثمانی ،قاری ذاکرجذبی ،شیخ عبد المنان مکی ،مولانا غلام رسول مینگل ،حاجی سبحان اللہ ،شیخ عبد الرزاق واسو کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے جانباز کارکنان حرمین شریفین مدارس مساجد اور ختم نبوت کی حفاظت کے لئے تیار ہیں جب بھی کوئی دین دشمن قوت خواہ وہ قادیانی کی صورت میں ہو یا کسی اور صورت میں اسلام پر حملہ آور ہوئی جمعیت نے ان کا راستہ روکا ہے اور پارلیمنٹ میں عوامی قوت کے ذریعے دین دشمن قوتوں کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے مدارس کی پشت پر جمعیت علماء اسلام کی مضبوط قوت کھڑی ہے مدارس اسلام کے قلعے ہیں انکی حفاظت ہمارا کام ہے کوئی مدرسے والا اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک اسلام کے نام پر معروض وجود میں آیا ہمارے اکابرین نے اس ملک کی آزادی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اس ملک کی حفاظت ہم سب کا فریضہ ہے اس لئے جمعیت کے کارکن ملک اور اسلام دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں جمعیت علمائے اسلام نے روز اول سے ملک میں اسلامی نظام کی نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور کرتی رہے گی مولانا عبدالغفور حیدری عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئین گے ۔