محکمہ خصوصی تعلیم کے ملازمین کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کئے جا رہے ہیں، ریحانہ لغاری

منگل 13 فروری 2018 19:58

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیر اعلی سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خصوصی تعلیم ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ کسی سرکاری ملازم کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی، تقرری کے قوانین تمام ملازمین کی مشاورت سے ہی مرتب کئے جائیں گے، احتجاج کرنے والے ملازمین اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنے مسائل انتظامیہ کو آکر بتائیں، سازشی عناصر کی باتوں میں آکر خصوصی بچوں کا مستقبل خراب نہ کریں۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ خصوصی تعلیم سندھ کے ملازمین کے ساتھ بھرتی قوانین سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ خصوصی تعلیم سندھ احسن منگی بھی موجود تھے۔ ملازمین نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق سے ضم ہونے والے اور سندھ کے ملازمین کے مابین قوانین سے متعلق آپس میں تحفظات تھے جس کو حل کرنا انتہائی ضروری تھا، کیوں کہ ملازمین کا مستقبل ان قوانین کا مرہون منت ہے۔

(جاری ہے)

ریحانہ لغاری نے ملازمین کے تمام اعتراضات سنے اور سیکریٹری محکمہ خصوصی تعلیم کو ہدایت دیں کہ تمام ملازمین کے مسائل خوش اسلوبی اور باہمی رضامندی سے حل کئے جائیں اور خیال رکھا جائے کہ کسی ملازم کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے خصوصی تعلیم کے ملازمین کے لئے بھی محکمہ خصوصی الاونس فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس ضمن میں محکمہ خزانہ سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :