پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گا،

بھارت غیرذمہ دارانہ بیانات اور فوجی سرگرمیوں سے خطے میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے،وزیردفاع خرم دستگیر

منگل 13 فروری 2018 19:25

پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیردفاع خرم دستگیر نے بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتھارامان کے ریمارکس پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گا۔بھارت غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر اور فوجی سرگرمیوں سے خطے میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔منگل کو بھارتی وزیر دفاع کے پاکستان کے حوالے سے ریمارکس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت، غلط فہمی یا مہم جوئی، طریقہ یا محل وقوع سے قطع نظر بھارت کو منہ توڑ جواب دیگا۔

وزیرِدفاع خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ بھارت کو کسی بھی ٹھوس ثبوت کے بغیر الزام تراشی کے بجائے پاکستان کے خلاف ریاستی سطح پر کی جانے والی سازشوں کا جواب دینا چاہئے، جس کا منہ بولتا ثبوت کلبھوشن یادو کی شکل میں پوری دنیا کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج تمام امکانات بارے چوکس اور چوکنے ہیں اور اپنی علاقائی یکجہتی اور ملکی استحکام و دفاع کے لئے بھرپور اور مکمل طور پر تیار ہیں اور افواجِ پاکستان کو زمینی، بحری اور فضائی حدود کے دفاع کے حوالے سے عوام کی بھرپور حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :