رواں برس سرکاری کوٹہ کے تحت حج درخواستوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا،

یکساں نظام الصلوة کے نفاذ کے اقدامات جاری ہیں ، مساجدکی تعمیر اور آبادکاری کرنے والے اللہ کو پسند ہیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی میڈیا سے گفتگو

منگل 13 فروری 2018 19:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ گذشتہ برسوں میں شاندار حج انتظامات کی بدولت رواں برس سرکاری کوٹہ کے تحت حج درخواستوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا، سرکاری سکیم کے تحت حج دوہزار اٹھارہ کیلئے تین لاکھ پچھتر ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، رواں برس ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری سکیم کے تحت حجاز مقدس جائینگے، حج اہم فریضہ ہے ، ذاتی مفاد کے لیے نہیں لڑنا چاہیئے، حکومت نے پالیسی بنائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ میں جامعہ مسجد فاطمة الزہرا کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایک سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایاکہ 65 ہزار کا کوٹہ نجی شعبے کو دیں گے تاکہ وہ بھی عازمین کو حج پر بھجوا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری صاف شفاف پالیسی ہے،جلد سپریم کورٹ سے فیصلہ آجائے گا،حج کی پالیسی اچھی بنائی گئی ہے ،امام مساجد کے لیے صرف معمولی اعزازیہ مقرر کرنا کوئی کارنامہ نہیں بلکہ ہم امام مساجد کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے کام کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ گذشتہ برسوں کی طرح رواں برس بھی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت حج کی زیادہ تعداد میں درخواستوں کا موصول ہونا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ لوگ سرکاری حج انتظامات سے مطمئن ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہاکہ اسلام آباد میں یکساں نظام الصلواة لاگو کرنے کی پالیسی تشکیل دی گئی تھی تاھم ابھی اس کا مکمل نٖفاذ نہیںہو سکا البتہ اس حوالے سے مرکزی سطح پر قومی علما و مشائخ کمیٹی بنا دی گئی ہے تاکہ امام مساجد کی شکایات دور کی جا سکیں۔

انہوں نے کہاکہ تاجران اور سول سوسائٹی کی حمایت مل گئی تو ایک ہی اوقات میں اسلام آباد میں نماز کی ادائیگی شروع ہو جائے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مساجد اللہ کا گھر ہیں جن کی تعمیر اور آبادکاری کرنے والے اللہ کو بہت پسند ہیں ۔اس موقع پر جامعہ فرقانیہ راولپنڈی کے مولانا عبدالمجید ہزاروی ،مولانا قاری ولی الرحمن ساجد ،شفقت عمر بھٹی سمیت علما ء و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سردار محمد یوسف نے کہاکہ اللہ کے گھر کی تعمیر کے لیے اراضی وقف کرنے والے بھی قابل صد احترام ہیں کیونکہ جب جب اس مسجد میں اللہ اکبر کی صدا بلند ہوتی ہے اور نمازی حضرات ادائیگی نماز کرتے ہیں تو ہر اس شخص پر اللہ کی رحمتیں برستی ہیں جس نے مسجد کی تعمیر و آبادکاری میں کردار ادا کیا ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :