حکمران اپنی اپنی عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں اور مسلسل شہریوں کے حقوق مجروح کیے جا رہے ہیں، فردوس شمیم نقوی

منگل 13 فروری 2018 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو شہریوں کی تکلیف کا کوئی خیال نہیں۔ سب حکمران اپنی اپنی عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں اور مسلسل شہریوں کے حقوق مجروح کیے جا رہے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پی ٹی آئی کے سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں اسٹیل ملز لیبر یونین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا صنعتی گڑھ ہے تو اسٹیل مل بھی اس کی اہم اور بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے۔ ہم ابھی پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو تنخواہوں کے نہ ملنے پر پریشان تھے، اب اسٹیل ٹائون کو گیس کی فراہمی بھی بند کردی گئی ہے۔ حکومت کیا چاہتی ہی کیا اسٹیل مل کے ملازمین انسان نہیں ہیں اسٹیل ٹائون میں چالیس پچاس ہزار کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں ۔

(جاری ہے)

انہیں بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ لوگ وہاں صرف رہتے نہیں ہیں بلکہ انہیں فراہم کی جانے والی صحت ، تعلیم اور دیگر سہولیات بھی جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر گیس کی فراہمی سے منسلک ہیں، متاثر ہو رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اسٹیل مل کے مسئلے پر پہلے بھی آواز اٹھا چکی ہے اور ہم آج بھی اسٹیل مل کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ہم چاہتے ہیں کہ اسٹیل مل کو اس کی پرانی حالت پر بحال کیا جائے۔ تنخواہ کے ساتھ ساتھ اسٹیل مل ملازمین کو مراعات جو ان کا حق ہیں، فراہم کی جائیں۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اسٹیل مل کے معاملے کا بھی از خود نوٹس لیں اور حکمرانوں نے اس سلسلے میں جو اندھیر مچا رکھا ہے، اس پر احتساب عمل میں لایا جائے۔ جس جس نے اسٹیل مل کے ساتھ جو جو زیادتی کی ہے، اسے سزا دی جائے۔