وزیرداخلہ سندھ کی صدارت میں اجلاس

نئی اور پرانی موٹر سائیکلز میں ٹریکرڈیوائس کی تنصیب جیسے اقدامات کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا

منگل 13 فروری 2018 19:18

وزیرداخلہ سندھ کی صدارت میں اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) وزیرداخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی ذیر صدارت ایک اجلاس میں نئی اور پرانی موٹر سائیکلز میں ٹریکرڈیوائس کی تنصیب جیسے اقدامات کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری احکامات دیئے گئے ۔اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ،ڈپٹی سیکریٹری داخلہ اور محکمہ داخلہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے اجلاس میں شریک حکومت سندھ کے مختلف اور اہم شعبہ جات کے افسران کو ہدایات دیں کہ نئی موٹر سائیکلوں کے حوالے سے موٹربائیکس تیار کرنیوالی کمپنیز کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ بعد از سستے اورمعیاری ٹریکر ڈیوائس کی باقاعدہ تنصیب کے بعد ہی موٹرسائیکلیں مارکیٹ میں فروخت کے لئے لائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے اسمبلی سے باقاعدہ بل کی منظوری کے سلسلے میں جامع سفارشات بھی ترتیب دی جائیں تاکہ ایسی تمام موٹرسائیکلوں میں معیاری اور سستے ٹریکر ڈیوائس کی تنصیب باقاعدہ قانون کے مطابق لازمی بنایا جاسکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانی موٹرسائیکلوں میں بھی ٹریکر ڈیوائس نصب کئے جانے کے حوالے سے تمام تر مثبت اقدامات پر مشتمل ایک ٹھوس حکمت عملی اور لائحہ عمل ترتیب دیکر برائے ملاحظہ ارسال کیا جائے تاہم ضرورت اس امر کی بھی ہوگی کہ نئی اور پرانی موٹرسائیکلیں استعمال کرنیوالے شہریوں کو ٹریکر ڈیوائس کی تنصیب اور اسکی افادیت پر مشتمل باقاعدہ آگاہی کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔جن سے بلاشبہ ایسے کرائمز میں نمایاں کمی آئیگی۔

متعلقہ عنوان :