پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان، انڈیکس 175.28 پوائنٹس کے اضافے سے 43690.36 پوائنٹس پر بند

منگل 13 فروری 2018 18:41

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 175.28 پوائنٹس کے اضافے سے 43690.36 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 29 ارب 56 کروڑ 13 لاکھ 36 ہزار 745 روپے کا اضافہ ہوگیا تاہم تجارتی حجم میں 37 کروڑ 50 لاکھ 49 ہزار 899 روپے کی کمی رونماء ہوئی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں بھی 1 کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار 640 حصص کی مندی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 43600 پوائنٹس کی بالائی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 175.28 پوائنٹس کے اضافے سے 43690.36 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 103.26 پوائنٹس کی تیزی سے 21791.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 87.53 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا تاہم کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 71.02 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دریں اثناء بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 280.25 پوائنٹس کی تیزی سے 16916.94 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 50.22 پوائنٹس کے اضافے سے 19573.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 6.40 پوائنٹس کی کمی سے 21598.44 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 354 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 157 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 183 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی خیبر ٹوبیکو ایکس بی کے حصص کی قیمت میں ہوئی جو 32.77 روپے کے اضافے سے 688.17 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح ہینوپاک موٹر کے حصص کی سودے بھی 31.50 روپے کی تیزی سے 1211.75 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی یونائیٹڈ برانڈز اور سروس انڈسٹری لمیٹڈ کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ یونائیٹڈ برانڈز کے حصص کی قیمت 30.06 روپے کی مندی سے 571.33 روپے اور سروس انڈسٹری لمیٹڈ کے حصص کی قیمت بھی 21.99 روپے کی کمی سے 893 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار آزگارڈ نائن کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 39 لاکھ 2 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 17.61 روپے سے شروع ہو کر 18.88 روپے پر بند ہوئی جبکہ اینگرو پولیمر کے 1 کروڑ 34 لاکھ 69 ہزار 500 حصص کے سودے 27.95 روپے سے شروع ہو کر 28.43 روپے بند ہوئے۔ مجموعی طور پر 20 کروڑ 36 لاکھ 86 ہزار 860 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 7 ارب 56 کروڑ 48 لاکھ 20 ہزار 65 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 90 کھرب 50 ارب 34 کروڑ 98 لاکھ 80 ہزار 178 روپے سے بڑھ کر 90 کھرب 79 ارب 91 کروڑ 12 لاکھ 16 ہزار 923 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 108 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 27 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 1 کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 4 کروڑ 8 لاکھ 3 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔