گوادر مستقبل کی کاروباری سرگرمیوں کا مرکزی مقام ہو گا،صدر آر سی سی آئی

چین کی پانچ فیصد تجارت گودار کے راستے ہو تو پاکستان کوچھ بلین ڈالر سالانہ کا ریونیو حاصل ہو گا

منگل 13 فروری 2018 18:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی زاہد لطیف خان نے کہا ہے کہ دسویں آل پاکستان انٹرنیشنل چیمبرز صدور کانفرنس ملک میں صنعتی و اقتصادی ترقی کا نیا روڈ میپ مرتب کرے گی، 11 سے 14 ۔ مارچ تک گوادر میں منعقد ہونے والی سالانہ کانفرنس میں فیڈریشن آف کامرس اور وویمن چیمبر سمیت پاکستان کے 70 ایوانہائے صنعت و تجارت کے صدور اور نمائندہ عہدیدران شرکت کریں گے۔

سہ روزہ کانفرنس میں اقتصادی ماہرین ، صنعت و تجارت کی سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں تجارت کے فروغ اور ترقی کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں گی تاکہ متعلقہ ادارے ان تجاویز کی روشنی میں قومی ترقی کا جامع پلان مرتب کر سکیں۔

(جاری ہے)

یہ بات صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس زاہد لطیف خان نے صدر چیمبر آف کامرس گوادر میر نوید بلوچ، گروپ لیڈر سہیل الطاف ، ایس ایم نسیم ،سینئر نائب صدر محمد ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی اور دیگر عہدیداران و ممبران کے ہمراہ چیمبر ہاوس راولپنڈی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوںنے کہاکہ گوادر مستقبل کی کاروباری سرگرمیوں کا مرکزی مقام ہو گا اور سی پیک کے حوالے سے ون بیلٹ ون روڈ کے ایک فقید المثال منصوبے کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے گودار میں انٹرنیشنل چیمبرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایران ، افغانستان ، چین اور شمالی وسطی علاقوں کے چیمبرز کے نمائندے بھی چیمبرز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ تین روزہ کانفرنس کے موقع پر ایک دن سی پیک کے حوالے سے سیشن ہوںگے اور ملک بھر کے چیمبر کے صدور اس حوالے سے اپنا نقطہ نظر بیان کریں گے ،انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے بھارت کو بھی سی پیک میں شمولیت ک عندیہ دیئے جانے کی اطلاعات آ رہی ہیں پاکستان اور چین سمیت ریجن کے تمام ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد سدرن کمان کمانڈر ، گورنر و بلوچستان سے بھی چیمبر کا وفد ملاقات کرے گا اور چیمبر ز کانفرنس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی انہوںنے کہاکہ توانائی کے حوالے سے قومی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ اس وقت مرکز نگاہ ہے ۔

بزنس کمیونٹی ، عوام الناس اور تمام دیگر سٹیک ہولڈرز کو اس کانفرنس میں شریک کرکے پاکستان کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر کی قیادت کے فیصلے کے مطابق گودار میں چیمبرز کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر قومی پالیسی بجٹ، معیشت ، برآمدات میں اضافے ، اور اسی نوعیت کے دیگر امور پر سیر حاصل بحث ہوگی۔

صدر راولپنڈی چیمبر نے کہاکہ برآمدات کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیںاور گذشتہ چھ ماہ میں برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے اور زرمبادلہ میں 3.5 کا اضافہ ہواہے۔ جو کہ خوش آئند ہے انہوں نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر نے فرنٹ فٹ پر تاجروں کے مسائل اور ملکی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کیا اور مثبت اور قابل عمل تجاویز پیش کرکے حکومت کی معاونت کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صدر ایوان صنعت و تجارت نے کہاکہ چیمبر نے حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ تاجروںکے مفادات کے منافی اقدامات پر بھرپور احتجاج کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ ٹیکس گزاروں پر دباو ڈالنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کا دائرہ بڑھایا جائے اور اس حوالے سے متعدد تجاویز حکومت کو پیش کی جاچکی ہیں۔ انہوںنے واضح کیا کہ گوادر عالمی اہمیت اختیار کر گیا ہے اسی لئے اس پر فوکس کیا جا رہا ہے ۔

صدر چیمبر نے کہاکہ ٹیکسوںمیں چھوٹ دینے سے ہی نئی پورٹس کے زریعے سرمایہ کاری بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر چین کی پانچ فیصد تجارت بھی گودار کے راستے ہوئی تو پاکستان کوچھ بلین ڈالر سالانہ کا ریونیو حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ کاروبار کے مواقع حاصل ہوںگے۔ ایک اور سوال کے جواب میں زاہد لطیف خان نے کہاکہ اگر چہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن ہمیں کپاس برآمد کرنی پڑ رہی ہے اور چینی کی بہتات ہے ان حالات میں ہمارے لئے ہر شعبے کو ترقی دینا لازم ہے اور کسی ایک سیکٹر پر اکتفا کرنے کے بجائے ہر سیکٹر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر ایوان صنعت و تجارت نے کہاکہ پوری دنیا میں کاروبار افراکواپنے اثاثے ظاہر کرنے کا پابند کیاگیاہے تاکہ کالے دھن کا خاتمہ ہو اور سرمایہ کاروبار میں صرف ہو۔ اس موقع پر گوادر چیمبر آف کامرس کے ساتھ راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے مفاہمت کی ایک یاداشت پر بھی دستخط کئے جس سے تجارتی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :