ملک کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل جمہوریت کا تسلسل ہے ، اس مقصد کیلئے کام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے

وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 13 فروری 2018 18:38

ملک کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل جمہوریت کا تسلسل ہے ، اس مقصد کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل جمہوریت کا تسلسل ہے ، اس مقصد کیلئے کام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے کسی بھی جماعت کو دئیے گئے مینڈیٹ کو چوری نہیں کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی حالیہ تبدیلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا لودھران کا این اے 154 کا ضمنی انتخاب بھاری اکثریت سے جیتنا دراصل جمہوریت کی کامیابی ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہمیشہ آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور عدلیہ سمیت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے پیش تک نہیں ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہ صرف خود کو بلکہ اپنے خاندان کو بھی عدلیہ کے سامنے پیش کیا اور سرخرو ہوئے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشاہد حسین سید ایک تجربہ کار اور سینیر سیاستدان ہیں جنہوں نے بطور رکن اسمبلی نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) بلکہ پارلیمان سمیت پورے ملک کے لیے ایک اثاثہ ہیں۔