صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے برٹش کونسل اہم خدمات انجام دے رہی ہے، گورنر سندھ

منگل 13 فروری 2018 18:38

صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے برٹش کونسل اہم خدمات انجام دے رہی ہے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کے استحکام سے سماجی شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو حاصل ہونے والی تعلیم وصحت کی بنیادی سہولیات میں مزید بہتری آرہی ہے ، تعلیم کے فروغ اور تاریخ و مضامین سمیت جاری صورتحال کے جائزہ اور سیر حاصل معلومات کے لئے لائبریریوں کے قیام سے طالب علموں کو علمی ضروریات کے مطابق زبردست سہولت دستیاب ہو چکی ہیں جو کہ خوش آئند ہے اس ضمن میں برٹش کونسل سندھ و بلوچستان کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں برٹش کونسل سندھ و بلوچستان کے ڈائریکٹر کرسٹو فر ہنٹ سے ملاقات میں کیا ۔ گورنر سندھ نے برٹش کونسل کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں تعلیم کے فروغ سے معاشی ترقی میں مزید اضافہ اور عوام کا معیا ر زندگی بلند کرنے میں مدد مل رہی ہے اس ضمن میں حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لارہی ہے لیکن دوست ممالک کے اداروں کا تعاون اہم ثابت ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل کی جانب سے لائبریریوں کے قیام سے طالب علموں کو ان کی علمی ضروریات کے مطابق سیر حاصل معلومات حاصل ہو رہی ہیں جو کہ ان کے تعلیمی کیریئر کے لئے بھی انتہائی ناگزیر ہے ، لائبریری میں تاریخی اور معلوماتی کتابوںکی بڑی تعداد میں دستیابی خوش آئند ہے ۔ملاقات میں برٹش کونسل سندھ و بلوچستان کے ڈائریکٹر کرسٹو فر ہنٹ نے گورنر سندھ کو ادارہ کی کارکردگی ، صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، طالب علموں کی علمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لائبریوں کے قیام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے ادارہ کی جانب سے تشکیل دیئے گئے دیگر منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا۔

متعلقہ عنوان :