جام شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں، آئی جی پنجاب

منگل 13 فروری 2018 18:34

جام شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر ..
لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کی بے مثال قربانی اس حقیقت کی غماز ہے کہ پنجاب پولیس کی پوری قیادت اور فورس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرلمحہ سربکف ہے اور مستقبل میں بھی ایثار، قربانی اور بہادری کی نئی روایات قائم کرنے سے دریغ نہیں کریگی، ڈی آئی جی کیپٹن (ر) احمد مبین شہید ، زاہد محمود گوندل شہید، عصمت اللہ شہید اور امین شہید سمیت سانحہ مال روڈ کے تمام شہداء کی قربانیوں نے پوری فورس میںنیا جوش و جذبہ اور ولولہ موجزن کیا ہے جس کے ذریعے وہ درپیش تمام چیلنجز میں سرخرو ہو کر انکے لازوال مشن کوجاری رکھے ہوئے ہی.۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمرا ہال نمبر ون میں سانحہ چیئرنگ کراس کے شہدا ئے پولیس کی پہلی برسی کے موقع پر سجائی گئی پروقار تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن رانا ایاز سلیم ، سی ٹی او رائے اعجاز احمد، ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی سمیت لاہور پولیس کے دیگر افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی ، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمایاں شخصیات بشمول مولانا راغب نعیمی ، گلوکار جواد احمد، عبد اللہ ملک صدر سول سوسائٹی نیٹ ورک ، توفیق بٹ کالم نگار ، حبیب اکرم ، واصف ناگی ، سجاد پیززادہ ، ضمیر آفاقی،حافظ زوہیب طیب ،کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ ، غلام مرتضیٰ اور علی رضا شہید کے والد سمیت دیگر شہداء کی فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، سانحہ چئیرنگ کراس کے شہدا ء کی پہلی برسی کے روز دن کا آغاز پولیس لائنز میں قرآن خوانی اور مختلف پولیس آفیسرز کی جانب سے شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور گارڈ آف آنر سے کیا گیا، اس کے بعد سی سی پی او نے یاد گار شہدا پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی ،الحمرا ہال نمبر دو میں شہدا کی یاد میں تقریب سے خطاب میں آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ تیرہ فروری کا دن پنجاب پولیس کے بہادر شہدا سے تجدید عہد کا دن ہے، اس دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں ، ہمیں ہر صورت اپنا فرض نبھانا ہے ، پنجاب پولیس میں شمولیت کے بعد ہم پر پہلے سے زیادہ اس ملک اور یہاں کے شہریوں کا حق ہے ، ہماری زندگیوں کا مقصد ان شہریوں کی حفاظت ہے جن کی امیدیں ہم سے وابستہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایسی فورس کاکمانڈر ہوں جس کی آبیاری میں چودہ سو سے زائد شہدا کا خون شامل ہے ، تقریب میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کا ایک ایک سپاہی اپنے خون کے آخری قطرے تک فرض ادا کرنے کے جذبے سے سرشار ہے اور فرض کی ادائیگی کے لئے جان قربان کر دینا اس فورس کی عظیم روایت ہے اور ماضی گواہ ہے کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ سینے پر گولی کھائی ہے اور دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے کبھی بزدلی کا مظاہر ہ نہیں کیا ، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سروس صرف ملازمت نہیں ہے بلکہ ہم ایک عظیم مقصد کی تکمیل کے لئے اس فورس کا حصہ بنتے ہیں اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کیفرکردار پہنچانے تک یہ مشن جاری رہے گا ، شہدا ء کے لواحقین کی مناسب دیکھ بھال لاہور پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کیلئے ویلفیئر آئی پراجیکٹ کے تحت تمام فیملیز کو ہر سہولت انکے گھر پر ہی فراہم کی جارہی ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ، تقریب کے دوران مولانا راغب نعیمی ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھی اپنے خطاب میں شہدا ء پولیس کوخراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :