پاسپیڈا کا گاڑیوں کی امپورٹ کیلئے آئی ڈیوٹی فارم ایشو کرنے کا مطالبہ

منگل 13 فروری 2018 18:04

لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) پاسپیڈا کے مرکزی چیئرمین اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امپورٹرز کے لیے آئی فارمز کی طرح گاڑیوں کی امپورٹ کے لیے بھی آئی ڈیوٹی فارم ایشو کئے جائیں جس سے حکومت اور امپورٹر دونوں کو فائدہ ہوگا، محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ اس وقت پورٹ پر سات ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں اور اب وہاں مزید جگہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی امپورٹ میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اس لئے حکومت یہ مسئلہ فوری حل کرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رولز اینڈ ریگولیشنز کے تحت ملک سے باہر 180دن گزارنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے پاسپورٹ پر ایک گاڑی امپورٹ کرنے کی اجازت تھی ۔ اب حکومت نے شرط عائد کردی ہے کہ اس شخص کا فارن کرنسی اکائونٹ بھی ہو جس میں فارن کرنسی آئے اور اسی سے گاڑی کی ڈیوٹی و دیگر ٹیکسز ادا ہوں۔ ناصر حمید خان نے کہا کہ حکومت نے یہ قدم زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے اٹھایا ہے مگر اس کا فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہوگا۔