مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں پر عائد پابندی پر عمل درآمد کرایا جائے،لاہور چیمبر

منگل 13 فروری 2018 18:04

لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اوردھرنوں پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں خواجہ خاور رشید اور ذیشان خلیل نے کہا کہ مال روڈ ایک اہم تجارتی مرکز ہے اور اس کے گرد و نواح میں مزید بہت سی اہم مارکیٹیں ہیں، انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہے لیکن آئے روز کے احتجاج کی وجہ سے تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں اور شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے جبکہ مظاہرین کی آڑ میں سماج دشمن عناصر بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سڑکیں بلاک کرنے کا عمل شہر کے دیگر حصوں تک بھی جا پہنچا ہے، احتجاج کرنا سب کا بنیادی حق ہے لیکن اس کی آڑ میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں تباہ نہیں ہونی چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ جلائو گھیرائو کے خوف سے مال روڈ کے تاجروں کو دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرائیں ۔

متعلقہ عنوان :