اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق کی جانب سے ایگزیٹ کے خلاف دائر اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے

منگل 13 فروری 2018 18:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق کی جانب سے ایگزیٹ کے خلاف دائر اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22فروری تک ملتوی کر دی ہے ۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔وفاق نے ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو شعیب شیخ کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔

سماعت کے موقع پر ایگزیٹ کی جانب سے ایڈووکیٹ راجا رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے کیس میں سپیشل پبلک پراسیکیوٹر تعنیات کیا ہے ۔شیعب شیخ کے وکیل راجہ راضوان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق سرکاری ادارے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی خدمات حاصل نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

فاضل جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سماعت کے دوران آپ کاموقف سنا جاے گا،سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں کیس کا فیصلہ میرٹ پر کریں گے ۔عدالت کا تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ۔عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ ایگزیٹ کے وکیل کو فراہم کیا جائے ۔عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے مہلت کی درخواست مسترد کر تے ہوئے کیس کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کر دی ہے ۔عدالت نے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔