اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنے والے صحافیوں اور ملازمین کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت

صحافیوں کو ملازمت کے حوالے سے کسی قسم کا تحفظ حاصل نہیں،کئی چینلز میں کام کرنے والے عامل صحافیوں کو تنخواہ بھی بروقت ادا نہیں کی جاتی وزارت اطلاعات کو الیکڑانک میڈیا کے صحافیوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے قانون سازی کا حکم دیا جائی ،درخواست میں موقف

منگل 13 فروری 2018 18:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنے والے صحافیوں اور ملازمین کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے ۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے نیشنل پریس کلب کے سابق صدر فاروق فیصل خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔

دائر درخواست میں وفاق ، وزارت اطلاعات و نشریات ، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسو سی ایشن اور پمرا کو فریق بنا یا گیا ہے۔دائر درخواست میں الیکٹرانک میڈیا ورکرز کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے قانون سازی کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ سعید خورشید عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو ملازمت کے حوالے سے کسی قسم کا تحفظ حاصل نہیں ہے،کئی چینلز میں کام کرنے والے عامل صحافیوں کو تنخواہ بھی بروقت ادا نہیں کی جاتی، صحافیوں کو جب دل کرے نوکری سے فارغ کر دیا جاتا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات کو الیکڑانک میڈیا کے صحافیوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے قانون سازی کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے ۔ mmh/ads/ifa 1721

متعلقہ عنوان :