پہلی نیشنل یوتھ سمٹ سے ملکی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا ‘جہانگیر خانزادہ

نوجوان ملک کی ترقی کا زینہ ہیں ان کی بہترین رہنمائی انتہائی ضروری ہے، سمٹ میں ملک بھر کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملا پنجاب حکومت نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے‘صوبائی وزیر کھیل کا سمٹ کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب

منگل 13 فروری 2018 18:04

پہلی نیشنل یوتھ سمٹ سے ملکی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا ‘جہانگیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، پنجاب حکومت نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے اہم اقدامات کررہی ہے جس میں سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا بھی شامل ہے،نوجوان سپورٹس کی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں کیونکہ سپورٹس مین معاشرے کا بہترین انسان بنتا ہے، نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے پہلی بار نیشنل یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے ترقی کی راہیں کھل سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں پہلی نیشنل یوتھ سمٹ کے شرکاء کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہدکامران، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی ایس آر پی نسیم اچکزئی، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ملک کی ترقی کا زینہ ہیں اس لئے ان کی بہترین رہنمائی انتہائی ضروری ہے، پنجاب حکومت نے ہمیشہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کئے ہیں، نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے پاکستان میں پہلی بار نیشنل یوتھ سمٹ منعقد کی گئی ہے جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب ہونے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرنا ہے، سمٹ سے ملکی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔

صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ سمٹ میں جہاں نوجوانوں کی رہنمائی کی گئی ہے وہاں نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب ہونے کی ترغیب دی گئی ہے، سپورٹس انسان میں ڈسپلن پیدا کرتی ہے اور سپورٹس مین معاشرے کا بہترین انسان بنتا ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے، جس جگہ ہم سب بیٹھے ہیں یہ ملک کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس ہے، اس کا شمار دنیا کے بہترین سوئمنگ کمپلیکس میں ہوتا ہے جس میں موسم کے لحاظ سے ہر سہولت میسر ہے، نوجوان سوئمرز آئیں، سیکھیں اور سوئمنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں، اسی طرح پنجاب حکومت نے یونین کونسل کی سطح پر بھی سپورٹس گرائونڈز بنائے ہیں، تحصیل اور ضلع میں جدید سہولتوں سے مزین سپورٹس جمنیزیم اور سٹیڈیم تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ نوجوان زیادہ سے زیادہ استعفادہ حاصل کریں اور سپورٹس کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ نیشنل یوتھ سمٹ میں نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے ماہرین نے لیکچرز دیئے ہیں اور بحث و مباحثہ بھی ہوا ہے جس سے نوجوانوں کی سوچ کا دائرہ وسیع ہوا ہے، کانفرنس میں ملک بھر کے نوجوان شرکت کررہے ہیں جس سے نوجوان ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔

سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے نیشنل یوتھ سمٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے اچھا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جہاں نوجوان مل بیٹھ کر اپنے خیالات ایک دوسرے سے شیئر کرسکتے ہیں، ایک دوسرے کے خیالات کو سمجھ کر ترقی کی جانب بڑھنے کا موقع ملتا ہے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی ایس آر پی نسیم خان اچکزئی نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نوجوانوں کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں جس پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، نوجوانوں کو یہ احساس دلانا انتہائی اہم ہوتا ہے کہ وہ ہمارے لئے بہت اہم ہیں ورنہ نوجوان دلبرداشتہ ہوکر منفی سرگرمیوں کی جانب چلے جاتے ہیں، نیشنل یوتھ سمٹ سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

عشائیہ میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر اور فاٹا کے نوجوانوںنے شرکت کی اس کے علاوہ سکھ، ہندو اور مسیحی برادری کے نوجوان بھی شریک تھے جس سے کانفرنس میں اتحاد و یگانگت کی فضا کو بھی فروغ ملا،کانفرنس میں نوجوانوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے ۔

متعلقہ عنوان :