کپاس و دیگر فصلوں کو دشمن کیڑوں سے بچانے کیلئے دوست کیڑوں کی افزائش نسل شروع

منگل 13 فروری 2018 17:22

ملتان۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کی ہدایت پر محکمہ زراعت نے کپاس اوردیگر فصلوں کو دشمن کیڑوں سے بچانے کیلئے دوست کیڑوں کی افزائش نسل شروع کردی ہے، پنجاب بھر میں محکمہ زراعت کے تحت 11 بیالوجیکل لیبارٹریاں فائدہ مند کیڑوں کی افزائش نسل میں مصروف ہیں، یہ لیبارٹریاں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں اور دوست کیڑوں کو پالنے کیلئے لیبارٹریوں میں تعینات عملے کو خصوصی تربیت دی گئی ہے، کھیتوں میں چھوڑنے کے بعد دوست کیڑوں کی زندگی کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا جس بنا پر یہ دشمن کیڑوں کا مقابلہ کرسکیں گے، محکمہ زراعت نے کپاس کو مختلف قسم کے کیڑوں کے حملہ سے بچانے کیلئے کرائی سوپا نامی کیڑے کو انتہائی مفید قرار دیا ہے، یہ کیڑا 329 سفید مکھی کے بچوں، 288 سبز تیلے اور 100 سست تیلے کو کھا جاتا ہے، محکمہ زراعت نے اس کیڑے کی افزائش نسل کا کام تیز کر دیا ہے، یہ کیڑا کسانوں کو محکمہ زراعت کی طرف سے مفت فراہم کیا جائیگا، اس کے علاوہ ان بیالوجیکل لیبارٹریوں میں ٹرائیکو گراما نامی دوست کیڑے کی بھی افزائش نسل کی جارہی ہے، یہ دونوں کیڑے دشمن کیڑوں کو اپنی غذا بناتے ہیں نتیجتاً فصل دشمن کیڑوں سے محفوظ رہتی ہے، زرعی ماہرین کے مطابق کپاس کے کیڑے آف سیزن میں سبزیوں، جڑی بوٹیوں اور دوسرے متبادل پودوں میں چھپ کراپنی زندگی گزارتے ہیں، بیالوجیکل لیبارٹریوں میں فائدہ مند کیڑوں کی افزائش نسل سمیت کپاس کے حوالے سے آف سیزن مینجمنٹ مہم بھی بھرپور طریقے سے چلائی جارہی ہے۔