عام انتخابات میں عوام کرپٹ عناصر کو مسترد کردیں گے، نصرت واحد

تحریک انصاف مرکز اور صوبوں میں الیکشن میں کامیابی کے بعد حکومت بنائے گی، ممبر سازی مہم میں کارکنوں سے گفتگو

منگل 13 فروری 2018 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف وومنز ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد نے کہا ہے کہ نگراں حکومت بنتے ہی ن لیگ کے ارکان اسمبلی نوازشریف کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ چوہدری نثار سیاسی تنہائی کا شکار ہیں وہ تحریک انصاف میں شامل ہوجائیں۔ انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر سازی مہم کے سلسلے میں ضلع شرقی میں لگائے گئے کیمپ میں کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔ ملک کی عدالتیں آزاد و خود مختار ہیں۔ نوازشریف اور آصف زرداری کی بیرون ملک سے ملکی خزانے سے لوٹی گئی دولت پاکستان لا کر پاکستان کے قرضے اتارے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سابق کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو کنگال کرکے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرضے لینے اور وہ ملکی تعمیر و ترقی پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی ذاتی جائیدادیں بنائیں۔

(جاری ہے)

نصرت واحد نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام کرپٹ عناصر کو مسترد کردیں گے۔ تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے عوام کامیاب بنائیں گے۔ پارٹی اقتدار میں آ کر کرپشن زدہ سسٹم کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ملک کے واحد لیڈر ہیں جو ملک کو ترقی کی جانب گامزن کردیں گے۔ کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کا منشور ہے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ممبر سازی کامیابی سے جاری ہے۔ اہم سیاسی و سماجی رہنما اور شہری تحریک انصاف میں بڑی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :