قوم قانون تحفظ ناموس رسالتؐ میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا تبدیلی برداشت نہیں کرے گی،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

ناموس رسالت ؐ ایکٹ میں ترمیم کی سازش دراصل تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کو غیر مؤثر بنانے کی کوشش ہے، امیر جماعت اسلامی سندھ

منگل 13 فروری 2018 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم قانون تحفظ ناموس رسالت ؐ میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا تبدیلی برداشت نہیں کرے گی، سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی طرف سے توہین رسالت پر سزائے موت کا قانون ختم کرکے عمر قید کی سزا دینے کی تجویز آئین پاکستان کے برعکس اور قرآن وسنت سے بغاوت کے مترادف ہے، انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ناموس رسالت ؐ ایکٹ میں ترمیم کی سازش دراصل تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کو غیر مؤثر بنانے کی کوشش ہے، حکومت آگ وخون سے کھیلنا بند کرے، تحفظ ناموس رسالتؐ اور عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان وعقیدہ کا حصہ ہے، اگر خدانخواستہ کوئی فرد یا گروہ اس قانون کو اپنے مقصد یا غلط استعمال کرتا ہے تو اس کو روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے کیونکہ اسلام ایک پرامن دین، ایک دوسرے کے ساتھ خیر خواہی،اقلیتوں کی جان ومال کی حفاظت اور احترام انسانیت کا درس دینے والا دین ہے۔

(جاری ہے)

اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر حاصل ہونے والے ملک میں غیروں کے اشاروں پراس کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔عقیدہ ختم نبوت کیخلاف سازش ناکام ہونے کے بعد اب تحفظ ناموس رسالت قانون کو کمزور وغیر مؤثر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو پاکستان کے غیور عوام کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

متعلقہ عنوان :