برطانوی وزیر اعظم کے تجارتی سفیر کی قیادت میں کاروباری وفدکا دورہ

،ْانفراسٹرکچر پروجیکٹس میں برطانیہ کی شرکت بارے گفتگو

منگل 13 فروری 2018 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) برطانوی وزیراعظم کے تجارتی سفیر برائے پاکستان ، رحمن چشتی ایم پی کی قیادت میں برطانیہ کے مالی، قانونی اور پیشہ ورانہ سروسز سے تعلق رکھنے والے چھ نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور انفراسٹرکچر کے پروجیکٹس میں برطانیہ کی تجارتی شرکت کے مواقع کا جائزہ لیا۔برطانوی وزیراعظم کے تجارتی سفیر برائے پاکستان رحمن چشتی ایم پی کی قیادت میں دورہ کرنے والے وفد میں برطانیہ کی بعض ممتاز کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔

وفد کے تین روزہ دورے میں پاکستان کے تین شہروںکراچی، لاہور اور اسلام آبادکے علاوہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کادورہ بھی شامل تھا جس کا مقصد وزراء، اعلی سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات سے ملاقات تھا۔

(جاری ہے)

اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، شہزاد دادا نے بینک کے ہیڈ آفس واقع کراچی میں وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔مشن اور وفد میں شامل افراد نے مستقبل میں انفراسٹرکچر کے پروجیکٹس ، سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی اور اس بات کا جائزہ لیا کہ برطانیہ کس طرح پاکستان کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس دورے کے بارے میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، شہزاد دادا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ’’بینک پاکستانی معیشت کے بارے میں ایک مثبت سوچ رکھتا ہے اور سمجھتا ہے کہ یہ ملک سرمایہ کاری کے بہت مواقع پیش کرتا ہے اور کاروبار کے لیے کھلا ہے۔برطانوی کاروباری اداروں کے لیے پاکستان کے انفراسٹرکچر کے پروجیکٹس میں اور بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اکنامک زون قائم ہو جانے کے بعد،زبردست مواقع موجود ہیں ۔

پاکستان برطانیہ کا اہم تجارتی پارٹنر ہے اور سی پیک پروجیکٹس پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کی کاروباری کمیونٹیز مزید قریب آ جائیں گی۔برطانوی وزیر اعظم کے تجارتی سفیربرائے پاکستان رحمن چشتی ایم پی نے کہاکہ میں جب سے وزیراعظم کا تجارتی سفیر برائے پاکستان مقرر ہوا ہوں، یہ میراپاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔مجھے خوشی ہے کہ میں برطانیہ کی بعض ممتاز کمپنیوں پر مشتمل ایک وفداپنے ساتھ لے کر آیا ہوں تاکہ وہ ملکی انفراسٹرکچر کی ترقی میں پاکستان کی اعانت کریں۔

برطانیہ اور پاکستان تجارتی تعلقات کو مزید گہر ا بنانے کی ایک مشترکہ خواہش رکھتے ہیں اور برطانوی حکومت کی یہ پختہ خواہش ہے کہ وہ مزید برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار کرتے ہوئے دیکھیں اورپاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کریں پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں فعال کردار ادا کریں۔‘‘برطانیہ کے تجارتی سفیر نے مزیدکہا ،’’عالمی معیار کی صلاحیتوں کے باعث برطانیہ ان پروجیکٹس میں شرکت کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے اور اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ ان پروجیکٹس سے پائیدار نتائج برآمد ہوں، خوشحالی کے حوالے سے دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف حاصل ہوں اور عالمی اسٹینڈرڈز کو بہتر انداز میں پورا کر سکیں۔

‘‘برطانوی تجارتی سفیر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا،’’مارکیٹ میں پہلے سے مستحکم اہم کاروباری اداروں سے معلومات حاصل کرنے اور مزید بات چیت کے لیے ایک فورم مہیا کرنے کے لیے میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ظہرانے کے دوران معیشت کے مختلف اہم سیکٹرز میں بات چیت کی گئی جن میں ٹیکسٹائل، توانائی اور فنانشل سروسز شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :