ہندو برادری سمیت دیگر اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی انکا بنیادی حق ہے، ہندو یا سکھ یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی کیلئے حکومت پاکستان ہمیشہ تیار رہتی ہے، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ

منگل 13 فروری 2018 16:50

لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈکیپٹن (ر)محمد آفتاب نے کہا ہے کہ ہندو برادری سمیت دیگر اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی انکا بنیادی حق ہے، ہمسایہ ملک سے جب بھی ہندو یا سکھ یاتری یاترا کیلئے آتے ہیں حکومت پاکستان بہترین مہمان نوازی کیلئے ہمیشہ تیار رہتی ہے، ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کٹاس راج مندر میں شوراتری کی مرکزی تقریب کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنزمحمدطارق ، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس ، پی آر او عامر حسین ہاشمی ،کرنل ریٹائرڈ غفور احمد ، رکن اسمبلی درشن لال ، سینیٹراشوک کمار ،ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی نور اسلم خان ،صغیر احمد، ڈاکٹر منور چاند ، سمیت دیگر موجود تھے ، چیئرمین بورڈکیپٹن (ر)محمد آفتاب کا کہنا تھا کہ انسانیت سے محبت ہی سب سے بڑی خدمت ہے، ایک دوسرے کے مذہب سے نفرت کرنے کی بجائے تمام عقائد کا احترام کرنا چاہیے اور برداشت کے رویے کو فروغ دینا چاہئے ، چیئرمین بورڈ نے کٹاس راج میں موجود مندروںو انتظامات کا جائزہ لیا ، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس نے چیئرمین کو کٹاس راج مندر کی تاریخی اہمیت اورترقیاتی کاموں کے بارے آگا ہ کیا، جس پر انہوںنے تمام ترقیاتی کام جلد از جلد تکمیل کرنے کے احکامات جاری کئے ،ڈاکٹر منورچاند نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہندو یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک کر انتہا پسندی اور متعصبانہ رویہ اختیار کیا ، انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت ہندئوں کو ڈرا دھمکا کرپاکستان آنے سے روکا جبکہ یہاں حکومت سمیت ہندو تنظیمیں و انتظامیہ آنے والے یاتریوں کی مہمان نوازی اور خدمت کے لئے تیار ہے ، تقریب میں ملک سے آئے ہندو مرد وخواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، خصوصی تقریبات کی ادائیگی میں پوجا پاٹ اور بجھن گائے ، ہندوئوں کی جانب سے چیئرمین بورڈ و دیگر مہمانوں کو خصوصی تحائف پیش کئے گئے، تقریب میں ہندئوں نے پاکستان زندہ با د کے نعرے بلند کئے ۔

متعلقہ عنوان :